QR CodeQR Code

شب برات سب مسلمین کو مبارک

1 May 2018 21:39

اسلام ٹائمز: شب نیمہ شعبان، شب برات اللہ تعالٰی کے الطاف خاص میں سے ایک لطف ہے۔ اس رات کی عظمت کے بارے میں اتنا ہی کافی ہے کہ جبرائیل نے اللہ تعالٰی کیطرف سے پیغمبر اکرم کو یہ پیغام سنایا کہ اللہ تجھے حکم دیتا ہے کہ اس رات کو بیدار رہیں اور اپنی امت کو بھی اس رات بیدار رہنے کی وصیت کریں، تاکہ اس رات عبادت کے ذریعے اللہ کا وہ قرب حاصل کریں۔ اسکے بعد فرمایا کہ آج رات وہ رات ہے کہ:"لَايَدْعُو فِيهَا دَاعٍ إِلَّا اسْتُجِيبَ لَهُ وَ لَا سَائِلٌ إِلَّا أُعْطِيَ وَ لَا مُسْتَغْفِرٌ إِلَّا غُفِرَ لَهُ وَ لَا تَائِبٌ إِلَّا تِيبَ عَلَيْهِ":"جو بھی اس رات میں دعا کرنیوالا ہے، اسکی دعا مستجاب ہے، جو بھی سوال کرنیوالا ہے، اسے گویا عطا کر دیا گیا ہے، جو استغفار کرنیوالا ہے، اسے بخش دیا گیا ہے اور جو توبہ کرنیوالا ہے، اسکی توبہ قبول کر لی گئی ہے۔"


تحریر: محمد اشرف ملک
malikashraf110a@gmail.com

شب برات کا مطلب
اس رات کا نام شب برات اس وجہ سے ہے کہ اللہ اپنے بندوں کو جو گناہوں کی بنیاد پر جہنم کے مستحق ہوچکے ہوتے ہیں، انہیں جہنم سے بری اور آزاد کر دیتا ہے۔ اس رات کی گھڑیوں اور ساعات کے اندر اللہ نے یہ عظمت رکھی ہے کہ جو شخص اس میں اللہ کی عبادت کرے اور اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرے، خداوند اسے بخش دیتا ہے اور جہنم کی آگ بھی اس پر حرام قرار دے دیتا ہے۔ شب قدر کے بعد اس رات کو سب سے افضل رات قرار دیا گیا ہے۔ اس رات اللہ کی رحمت، بخشش، توبہ اور نعمتوں کے دروازے کھلے ہوتے ہیں۔

اللہ تعالٰی کیساتھ راز و نیاز کی فرصت
انسان کی عظمت اور انسانیت اس میں ہے کہ اس کا تعلق خدا کی ذات کے ساتھ ہمیشہ باقی رہے۔ اس تعلق کو باقی رکھنے کے لئے معصومین نے انسانوں کو کئی راستے بتائے ہیں، جن میں سے ایک وضو کرکے مصلٰی عبادت پر آکر اپنے آپ کو اللہ کی بارگاہ میں پیش کرنا ہے۔ اس کام کی اہمیت کو وہی جانتا ہے، جس نے یہ عمل انجام دیا ہو اور انجام دیتا ہو۔ دنیا سے بی نیاز ہو کر اپنی ساری توجہ کا مرکز اللہ کی ذات کو بنانا، اسکی عظمت، اس کا خالق ہونا، اس کا رازق ہونا اور وہ رازق بھی صرف اس بندہ کا نہیں بلکہ پوری کائنات کا رازق ہو، جو اسے دیکھ رہا ہو، جو اس کی تمام مشکلات سے آگاہ اور واقف ہو، اس اللہ کے ساتھ راز و نیاز کرنا، اس اللہ سے باتیں کرنا، یہ وہ دولت ہے، یہ وہ سرمایہ ہے، یہ وہ توفیق ہے جو صرف اور صرف اسی کی مدد اور لطف خاص ہی سے مل سکتی ہے۔

شب برات، خدا کا خاص لطف
شب نیمہ شعبان، شب برات اللہ تعالٰی کے الطاف خاص میں سے ایک لطف ہے۔ اس رات کی عظمت کے بارے میں اتنا ہی کافی ہے کہ جبرائیل نے اللہ تعالٰی کی طرف سے پیغمبر اکرم کو یہ پیغام سنایا کہ اللہ تجھے حکم دیتا ہے کہ اس رات کو بیدار رہیں اور اپنی امت کو بھی اس رات بیدار رہنے کی وصیت کریں، تاکہ اس رات عبادت  کے ذریعے اللہ کا وہ قرب حاصل کریں۔ اس کے بعد فرمایا کہ آج رات وہ رات ہے کہ:"لَايَدْعُو فِيهَا دَاعٍ إِلَّا اسْتُجِيبَ لَهُ وَ لَا سَائِلٌ إِلَّا أُعْطِيَ وَ لَا مُسْتَغْفِرٌ إِلَّا غُفِرَ لَهُ وَ لَا تَائِبٌ إِلَّا تِيبَ عَلَيْهِ":"جو بھی اس رات میں دعا کرنے والا ہے، اس کی دعا مستجاب ہے، جو بھی سوال کرنے والا ہے، اسے گویا عطا کر دیا گیا ہے، جو استغفار کرنے والا ہے، اسے بخش دیا گیا ہے اور جو توبہ کرنے والا ہے، اس کی توبہ قبول کر لی گئی ہے۔"

مبارک و التماس دعا
اس رات کی ایک اور اہمیت اس حوالے سے بھی ہے کہ اس میں امام زمان (عج) کی ولادت باسعادت بھی ہے۔ اس حوالے سے سب مومنینن کی خدمت میں مبارک پیش کرتے ہیں اور بارگاہ رب العزت میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی ہم سب کو اس رات اپنے مالک حقیقی کے ساتھ راز و نیاز کی توفیق عطا فرمائے۔آمین


خبر کا کوڈ: 721846

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/721846/شب-برات-سب-مسلمین-کو-مبارک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org