0
Wednesday 20 Jun 2018 23:51

آئی بی اے کراچی میں منعقدہ پاکستان کی پہلی فائنل ائیر پروجیکٹس کی آن لائن نمائش کا احوال

آئی بی اے کراچی میں منعقدہ پاکستان کی پہلی فائنل ائیر پروجیکٹس کی آن لائن نمائش کا احوال
رپورٹ: ایس حیدر

پاکستان میں اونٹرپرنورشپ اور انوویشن کے حوالے سے پہلی فائنل ائیر پروجیکٹس کی آن لائن نمائش کا انعقاد کراچی کے معروف تعلیمی ادارے آئی بی اے امن سی ای ڈی، کے ڈرائیو اور اونٹرپرنور سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔ نمائش میں چھ سو سے زائد پروجیکٹس مرحلہ وار پیش کیے گئے، جن میں سے تین پروجیکٹس کو منتخب کیا گیا۔ نوکری کی تلاش میں بھٹکتے ہوئے نوجوانوں کیلئے آن لائن کاروبار کے راستے کھولتی یہ نمائش جدّت طرازی کی جانب بہترین اقدام ہے، ڈیجیٹل ورلڈ ہو یا ای کامرس، اب ہمارے ادارے بھی کسی سے پیچھے نہیں، ’منزل سے آگے بڑھ کر منزل تلاش کر‘ کے مصداق ان آن لائن پروجیکٹس کی نمائش یوں تو آئی بی اے کراچی میں منعقد کی گئی، لیکن آن لائن ہونے کی وجہ سے دنیا کے کونے کونے میں دیکھی جا سکتی ہے، جس سے نوجوانوں کیلئے ناصرف ملکی، بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی رابطے با آسانی ممکن ہو سکیں اور بے روزگاری سے روزگار کی جانب، جبکہ نوکری سے کاروبار کی سمت سفر کا آغاز بھی ہو سکے گا۔ 1.0 EXON کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کی جامعات سے نوجوانوں کو دعوت دی گئی کہ اپنے اپنے آئیڈیاز شیئر کریں۔

میزبان انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سمیت این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کراچی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS)، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی (UET) لاہور، غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور سندھ یونیورسٹی جامشورو کے ظلباء و طالبات نے اس نمائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس پہلی آن لائن پروجیکٹس کی نمائش میں چھ سو سے زائد فائنل ائیر پروجیکٹس پیش کیے گئے، جن میں سے مرحلہ وار مقابلے میں دس منتخب کردہ پروجیکٹس کو پریزنٹیشن کا موقع دیا گیا، ماہرین نے اس موقع پر پریزنٹیشن دینے والی دس ٹیموں سے اُن کے پروجیکٹس سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے۔ نمائش کے تمام مراحل سے گزر کر تین ٹیموں کو فاتح قرار دیا گیا، جن میں پہلی پوزیشن جامعہ این ای ڈی کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے نوجوانوں نے” ورچوئیل روم “ کے آئیڈیا پر حاصل کی، دوسری پوزیشن بھی این ای ڈی یونیورسٹی ہی کے الیکٹریکل انجینئرنگ کے طالب علموں نے” automo setup“، جبکہ تیسری پوزیشن آئی بی اے کے طالبِعلموں نے ”go spark“ پروجیکٹ پر حاصل کرکے اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔

اس آن لائن نمائش میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے جامعہ این ای ڈی کی ٹیم کے اراکین تیمور طاہر، رابعہ عبداللہ، سارہ آصف، بابر زبیری اور محمد اقدس بیگ نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے آئیڈیا ’ورچوئیل روم‘ کے متعلق بتایا کہ اس کا بنیادی تصّور یوں ہے کہ جب ہم شاپنگ کیلئے جاتے ہیں، تو دوکان ہو یا شاپنگ مال، وہاں کپڑے تبدیل کرنا ہمارے ہاں یوں بھی معیوب سمجھا جاتا ہے، جبکہ ٹرائے رومز میں کیمرے وغیرہ لگے ہونے کے انکشافات بھی اب عام ہوتے جا رہے ہیں، تو خواتین ہوں یا مرد حضرات، دونوں کیلئے ورچوئیل روم بہترین ہے، جس کے تحت کمرے میں ایک اسکرین لگی ہوتی ہے اور خریدار صرف اسکرین کے سامنے کھڑا ہو کر ہاتھوں کی حرکت سے اسکرین پر موجود کوئی بھی لباس ٹرائے کر سکتا ہے۔ طالبعلموں کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں موجود ورچوئیل رومز کی قیمتوں کے مقابلے میں ہماری پروڈکٹ کی قیمت بھی قدرے کم ہے۔

دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے جامعہ این ای ڈی کے فائنل ائیر کے طالبعلموں اریب اللہ، احسن انصاری، مرتضیٰ عباس، شہزور علی اور حمزہ عباس کی بھی خوشی دیدنی تھی، ان نوجوانوں نے پاکستان کے بڑے مسئلے یعنی بجلی سمیت انرجی کو بچانے کی ٹھانی ہے۔ اپنے آئیڈیا کو شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں عموماً ایسا ہوتا ہے کہ لوگ موٹر، جنریٹر یا دیگر الیکڑونک مشینز چلا کر بھول جاتے ہیں، تو ہمارا Automo Setup خودبخود ذمہ دار فرد کی طرح اِن مشینوں کو آف کر دیتا ہے، تاکہ انرجی بچائی جا سکے، جبکہ آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوںم تو بھی اس سروس سے فائدہ اٹھا کر اپنے گھر میں موجود ان مشینوں کو آف کر سکتے ہیں۔ طالبعلموں کا کہنا تھا کہ آٹو مو سروس کی قیمت صرف تیس ہزار ہے، جس میں آپ دنیا بھر میں کہیں بھی ہوں، تو بجلی بچانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی آئی بی اے کی ٹیم کے ممبران دانیال نعیم، انعم جہانگیر، حمزہ عثمان اور رافع شاہد نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے بتایا کہ go spark ایک ایسی موبائل ایپ ہے، جس کے ذریعے اسٹور میں داخل ہونے والوں کا ڈیٹا، جبکہ اسٹور میں آنے والے افراد کتنے وقت کہاں کہاں کھڑے رہے، اس بارے میں ایپ بتائے گی، اس ایپ کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ صارفین کی پسند اور رجحان کی جانچ کرتے ہوئے ان کے من پسند پیغامات کی ترسیل ممکن اور ناپسندیدہ پیغامات سے جان چھڑائی جا سکے گی۔ عام صارف کیلئے یہ موبائل ایپ مفت، جبکہ کمرشل صارفین کو اسے سبسکرائب کرنا ہوگا، جس کی قیمتِ فروخت اب تک طے نہیں کی گئی ہے۔ طالبعلموں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس ایپ کے ذریعے اسٹورز میں ہونے والی چوری پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

 اس فائنل ائیر آن لائن پروجیکٹ نمائش کے روحِ رواں آئی بی اے کے شعبہ مینجمنٹ کے چیئرمین کامران ممتاز نے کہا کہ آج کا جدید دور اس امر کا متقاضی ہے کہ نوجوان نوکری کی روایتی طرز سے ہٹ کر اپنے ذاتی کاروبار کے رجحان کو فروغ دیں، تاکہ تیزی سے آگے بڑھتی ہوئی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلا جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی جوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، لیکن تعلیمی اداروں کا ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرنا ضروری ہے، جو نوجوانوں کی سمت دُرست کرنے کے ساتھ ساتھ عملی طور پر اُن کے معاون اور مددگار ہوں۔ نمائش کے اختتام پر جیتنے والے نوجوانوں میں ڈین ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر فرخ اقبال نے شیلڈز تقسیم کیں۔
خبر کا کوڈ : 732600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش