QR CodeQR Code

قومی کانفرنس برائے آئینی حقوق گلگت بلتستان

17 Jul 2018 22:57

اسلام ٹائمز: آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنایا جائے اور گلگت بلتستان میں چیف سیکرٹری سمیت اہم عہدوں پر وہاں کے عوام کو تعینات کیا جائے، مکمل آئینی صوبہ بننے تک وہاں کوئی ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔


رپورٹ: ایس ایم عابدی

گلگت بلتستان اویرنس فورم کی جانب سے آرٹس کونسل کراچی میں قومی کانفرنس برائے آئینی حقوق گلگت بلتستان کا انعقاد ہوا، کانفرنس میں ملک کی اہم سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سمیت گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں شرکاء کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور گلگت بلتستان کی آئینی حقوق کی جدوجہد کو مزید آگے پڑھانے پر کانفرنس کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مظفر رضوی نے سرانجام دیئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، ان کی محرومیوں کا ازالہ کرکے آئینی حقوق دیئے جائیں اور پی ایس پی گلگت بلتستان کی عوام کے حقوق کے حصول کیلئے ہر اقدام کی تائید کرے گی۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں 92 فیصد لوگ تعلیم یافتہ ہیں، یہ خطہ دنیا کے خوبصورت ترین خطوں میں سے ایک ہے، انہیں ان کے جائز اور آئینی حقوق سے محروم رکھنا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، اس لئے ان کے حقوق دے دیئے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر تاج حیدر کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم جی بی آرڈر 2018ء کی مذمت کرتے ہیں، اس آرڈر کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کی حقوق کی جنگ اب ہماری جنگ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں ایک ساتھ جنرل الیکشن ہوں۔ شرکائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنایا جائے اور گلگت بلتستان میں چیف سیکرٹری سمیت اہم عہدوں پر وہاں کے عوام کو تعینات کیا جائے، مکمل آئینی صوبہ بننے تک وہاں کوئی ٹیکس عائد نہ کیا جائے۔

سینئیر اینکر پرسن وسیم بادامی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے اس پرامن جدوجہد کو اہمیت دینی چاہیئے، بندوق نہ اٹھانے والوں کو حقوق سے محروم رکھنا سسٹم کی غلطی ہے۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف مذہبی رہنما علامہ محمد امین شہیدی کا کانفرس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ستر سال پہلے ہم انگریزوں کے غلام تھے، اب انگریزوں کے غلاموں کے غلام ہیں، گلگت بلتستان کی عوام چاہتی ہے کہ اپنے تقدیر کا فیصلہ خود کرے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے سینیئر نائب صدر محمد حنیف قریشی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان میں کوئی گنجائش نکال کر گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیئے جائیں۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ممبر اور قوم پرست رہنما نواز خان ناجی کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جی بی کو مکمل آئینی صوبہ بناکر تمام حقوق دیئے جائیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن رہنما ریٹائرڈ کیپٹین محمد شفیع کا کہنا تھا کہ ستر سال سے گلگت بلتستان کی عوام شناخت سے محروم ہے اور سی پیک جیسا اہم منصوبہ اس خطے سے گزر رہا ہے، جس کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ گلگت بلتسان کی عوام کو مکمل آئینی حقوق دیئے جائیں اور سی پیک میں بھرپور حصہ دیا جائے۔ سابق چیف جسٹس سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان جعفر شاہ کا کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سپریم کورٹ تک رسائی دی جائے اور وہاں پر جاری ترقیاتی پروگراموں کا مکمل رائیلٹی وہاں کی عوام کو ملنی چاہیئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوامی ایکشن کیمٹی کے چیئرمین حافظ سلطان رئیس کا کہنا تھا کہ جھوٹے وعدوں سے مزید عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا، گلگت بلتسان کی عوام اپنے حقوق کی حصول کیلئے جاگ چکی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان سمیت تمام عالمی طاقتیں اس خطے کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے یہاں کے باسیوں کو مکمل آئینی حقوق دیں۔


خبر کا کوڈ: 738506

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/738506/قومی-کانفرنس-برائے-ا-ئینی-حقوق-گلگت-بلتستان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org