0
Sunday 22 Jul 2018 16:29

جنوبی پنجاب میں خواتین کس سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر کن حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہیں؟

جنوبی پنجاب میں خواتین کس سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر کن حلقوں سے الیکشن لڑ رہی ہیں؟
رپورٹ: ایس ایم نقوی

2018ء کے انتخابات میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہیں، اگر ہم صرف جنوبی پنجاب کا ذکر کریں تو جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے 47 قومی حلقوں میں 23 خواتین ایم این اے کا الیکشن لڑ رہیں ہیں، ضلع جھنگ کے تین قومی حلقوں میں تین خواتین غلام بی بی بھروانہ (پی ٹی آئی )، صغری امام (آزاد) اور صائمہ بھروانہ (آزاد) قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہیں ہیں، این اے 115 جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ کے مدمقابل صغری امام بطور آزاد امیدوار جبکہ شیخ وقاص اکرم اور احمد لدھیانوی بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں، این اے 116 جھنگ سے آزاد امیدوار صائمہ بھروانہ، نون لیگ کے خالد محمود سرگانہ اور پی ٹی آئی کے امیر سلطان کے مدمقابل ہیں، ملتان کے چھ قومی حلقوں میں دو خواتین حلقہ این اے 154 سے انیلا افتخار (آل پاکستان مسلم لیگ) اور ارم گل (متحدہ مجلس عمل پاکستان) قومی اسمبلی کی امیدوار ہیں۔ ضلع وہاڑی کے چار قومی حلقوں میں چار خواتین تہمینہ دولتانہ (نون لیگ)، نتاشا دولتانہ (پی پی پی) عائشہ نذیر جٹ (آزاد)، عارفہ نذیر جٹ (آزاد) قومی اسمبلی کی امیدوار ہیں، وہاڑی کے حلقہ این اے 162 سے عائشہ نذیر جٹ آزاد امیدوار کے طور پر نون لیگ کے چوہدری فقیر احمد اور پی ٹی آئی کے خالد محمود چوہان سے صف آرا ہیں، جبکہ وہاڑی کے حلقہ این اے 163 سے پیپلزپارٹی کی نتاشا دولتانہ آزاد امیدوار عائشہ نذیر جٹ، نون لیگ کے ساجد مہدی اور پی ٹی آئی کے محمد اسحاق خان خاکوانی کے مدمقابل ہیں۔

وہاڑی کے حلقہ این اے 164 سے تہمینہ دولتانہ نون لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں اور ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے غلام سرور کھچی، پی ٹی آئی کے طاہر اقبال اور آزاد امیدوار رانا صغیر احمد گڈو ہیں۔ خانیوال کے چار قومی حلقوں سے ایک بھی خاتون امیدوار نہیں، بہاولنگر کے چار قومی حلقوں میں دو خواتین نازیہ ایوب (پی پی پی) اور فاطمہ طاہر چیمہ (پی ٹی آئی) امیدوار ہیں، این اے 166 بہاولنگر سے پاکستان پیپلزپارٹی کی نازیہ ایوب، پی ٹی آئی کے سید محمد اصغر اور آزاد امیدوار محمد عبدالغفار وٹو اور سید نذر محمد خان میں مقابلہ ہوگا۔ بہاولنگر کے حلقہ این اے 168 سے پی ٹی آئی کی فاطمہ طاہر چیمہ، نون لیگ کے احسان الحق باجوہ، پیپلزپارٹی کے عبدالمجید جتالہ اور آزاد امیدوار ظفر اقبال چوہدری صف آرا ہوں گے، بہاول پور کے پانچ قومی حلقوں میں تین خواتین شازیہ نورین (اے پی ایم ایل)، خدیجہ عامر وارن (پی ٹی آئی) اور رخسانہ جبیں (آزاد) ایم این اے کا الیکشن لڑ رہی ہیں، این اے 170 بہاول پور سے اے پی ایم ایل کی شازیہ نورین، نون لیگ کے بلیغ الرحمن، پی ٹی آئی کے محمد فاروق اعظم، پیپلزپارٹی کے سید عرفان احمد گردیزی اور ایم ایم اے کے ڈاکٹر سید وسیم اختر مدمقابل ہوں گے، این اے 173 بہاول پور سے پی ٹی آئی کی خدیجہ عامر وارن، نون لیگ کے میاں نجیب الدین اویسی، پیپلزپارٹی کے سید علی حسن گیلانی اور آزاد امیدوار رخسانہ جبین میں مقابلہ ہوگا۔

رحیم یار خان کے چھ قومی حلقوں میں پانچ خواتین میں سے نازیہ پروین، رخسانہ کوثر، فرح ناز اور ساجدہ پروین تحریک لبیک کی ٹکٹ اور زیب جعفر آزاد امیدوار کے طور پر ایم این اے کا الیکشن لڑ رہی ہیں، رحیم یار خان کے حلقہ این اے 175 سے نازیہ پروین، پی پی پی کے خواجہ قطب فرید کوریجہ، پی ٹی آئی کے مبین عالم اور نون لیگ کے چوہدری مسعود سے  مقابلہ کر رہی ہیں، زیب جعفر آزاد امیدوار کے طور پر رحیم یارخان کے حلقہ این اے 176 سے الیکشن لڑ رہی ہیں، ان کے مدمقابل نون لیگ کے شیخ فیاض الدین، پی ٹی آئی کے خسرو بختیار، پیپلزپارٹی کے سید تنویر حسین اور آزاد امیدوار میاں عبد الستار، اعجاز شفیع اور سید تنویر ہوں گے، این اے 177 رخسانہ کوثر اور این اے 179 پر فرح ناز تحریک لبیک کی ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ رحیم یارخان کے حلقہ این اے 178 سے ساجدہ پروین آزاد امیدوار کے طور پر نون لیگ کے مولوی طارق، پی ٹی آئی کے رئیس محبوب اور پیپلزپارٹی کے مخدوم مصطفٰی محمود اور آزاد امیدوار مخدوم علمبردار حسین ہاشمی کے مدمقابل ہوں گی، مظفرگڑھ کے چھ قومی حلقوں میں دو خواتین تہمینہ دستی (پی ٹی آئی) اور زہرہ باسط (نون لیگ) ایم این اے کی امیدوار ہیں، مظفرگڑھ کے حلقہ این اے 182 سے تہمینہ دستی پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر نون لیگ کے حماد نواز ٹیپو اور پیپلزپارٹی کے مہر ارشاد سیال اور عوامی راج پارٹی کے جمشید دستی، آزاد امیدوار میاں ساجد نعیم قریشی سے صف آرا ہوں گی۔

مظفرگڑھ کے حلقہ این اے 184 سے پی ٹی آئی کی سیدہ زہرہ باسط  بخاری، نون لیگ کے ہارون بخاری، پیپلزپارٹی کے نواب زادہ افتخار احمد خان اور عوامی راج پارٹی کے جمشید دستی سے مقابلہ کریں گی۔ لیہ کے دو قومی حلقوں میں ایک بھی خاتون امیدوار نہیں ہے۔ ڈی جی خان کے چار قومی حلقوں میں دو خواتین زرتاج گل (پی ٹی آئی) اور پروین اختر (پی پی پی) ایم این اے کی امیدوار ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 191 پر پی ٹی آئی کی زرتاج گل، نون لیگ کے اویس خان لغاری، پیپلزپارٹی کی پروین اختر اور آزاد امیدوار سردار دوست محمد کھوسہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔ راجن پور کے تین قومی حلقوں میں ایک خاتون شازیہ عابد (پی پی پی) قومی اسمبلی کی امیدوار ہیں، راجن پور کے این اے 193 سے شازیہ عابد آزاد، نون لیگ کے شیر علی گورچانی اور پی ٹی آئی کے سردار جعفر خان لغاری مدمقابل ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 739297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش