0
Monday 14 May 2018 11:28

لاہور، ایم ایم اے کا جلسہ عام

اسلام ٹاٹمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے مینار پاکستان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تکفیری و استعماری قوتوں کے عزائم ناکام بنانا ہوں گے، استعماری قوتیں پاکستان کیساتھ مشرق وسطیٰ میں بھی گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہیں اور ناجائز ریاست اسرائیل کو مضبوط کرنے کیلئےایران کو دباؤ کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ علامہ ساجد نقوی  نے کہا کہ ہم فلسطینی و کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اس حوالے سے ایم ایم اے کی پالیسی واضح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں داخلی صورتحال انتہائی خراب ہے، خارجہ پالیسی میں قانون کی حکمرانی نہیں، ملک میں قانون کے نفاذ میں بہت سی کمزوریاں ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام ایم ایم اے کی ترجیح ہے، ملک میں تعلیم و صحت کی سہولتیں دیں گے، پاکستان سے سودی نظام کا مکمل خاتمہ کریں گے، پاکستان کی شرعی عدالت میں سود کے خلاف کیس زیر سماعت ہے اور اس میں ہم فریق ہیں۔

علامہ ساجد نقوی  کا کہنا تھا استعماری قوتوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذمے داری سے استعماری قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ملک کے داخلی نظام کی صورتحال مخدوش ہے، مضبوط خارجہ و داخلہ پالیسی کی ضرورت ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ انتخابی عمل کے ذریعے ملک میں تبدیلی لائیں گے، عام آدمی کو ایم ایم اے کے اہداف سے مطمئین کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اگر تبدیلی چاہتے ہیں تو ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا، روشن مستقبل کی ضمانت ایم ایم اے ہی دے سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 724569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش