ہزاروں کی تعداد میں موجود شرکائے ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ امین شہیدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی، ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ ظہیر الحسن نقوی، جے یو پی رہنما علامہ عقیل انجم قادری، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 23 رمضان المبارک جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی آزادی قبلہ اول ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم سمیت فلسطینی پرچم اور آزادی القدس کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے جبکہ پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل مخالف نعرے درج تھے، مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے آویزاں تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ امین شہیدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی، ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ ظہیر الحسن نقوی، جے یو پی رہنما علامہ عقیل انجم قادری، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔