QR CodeQR Code

سید حسن نصرالله کیجانب سے یوم القدس میں بھرپور شرکت کی دعوت

30 Mar 2024 02:53

اپنے ایک خطاب میں حزب‌ الله کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خدا سے ملاقات کیلئے شہادت ہمارے لئے سعادت کا راستہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب‌ الله" کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصرالله" نے شب قدر کی مناسبت سے آج 19ویں رمضان کی شب خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج میں سیاسی موضوعات پر بات نہیں کروں گا۔ تاہم حالیہ سنگین صورت حال کے پیش نظر آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس سال یوم القدس کی ریلیوں میں جوش و خروش سے شرکت کریں۔ سید حسن نصرالله نے کہا کہ وہ یوم القدس پر زمینی و سیاسی حقائق پر گفتگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بیت المقدس کے لئے دن رات خون دینے والے موجود ہیں، اس لئے امیدوار ہوں کہ یوم القدس کے جلوسوں میں ہماری وسیع اور مضبوط شرکت ہوگی۔ سیدِ مقاومت نے یمن، لبنان، عراق، شام اور غزہ کے لئے شب قدر میں دعاوں کی اپیل کی۔

سید حسن نصرالله نے مزید کہا کہ آج غزہ میں قتل و غارت گری، بھوک، خوف، مہاجرت، خوف اور دوسری جانب استقامت و جدوجہد کے حوالے سے جو کچھ ہو رہا ہے، ہمیں اس پر دعا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حادثات و واقعات میں دعا ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے اور یہ ہماری زندگی کا لازمی جزو شمار ہوتی ہے۔ سید حسن نصرالله نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہمیں دعا کی شدید ضرورت ہے، وہ اس لئے کہ جب ہم میدان جنگ میں دشمن کی جانب گولیاں چلاتے ہیں تو دعا کی وجہ سے خدا ہمارا پشت و پناہ ہوتا ہے۔ حزب‌ الله کے سیکرٹری جنرل نے کہا خدا سے ملاقات کے لئے شہادت ہمارے لئے سعادت کا راستہ ہے اور یہ خدا کی نظر میں بلند ترین مقام ہے۔


خبر کا کوڈ: 1125779

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1125779/سید-حسن-نصرالله-کیجانب-سے-یوم-القدس-میں-بھرپور-شرکت-کی-دعوت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org