QR CodeQR Code

پی بی 21، ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے حسن زہری کامیاب قرار، معاملہ عدالت میں

9 Apr 2024 22:05

پیپلز پارٹی کے رہنماء علی حسن زہری کی درخواست پر دوبارہ گنتی میں وہ کامیاب قرار پائے ہیں، جبکہ اس حلقے سے اسمبلی میں جانیوالے سردار صالح بھوتانی نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے علی حسن زہری کامیاب قرار پا گئے، جبکہ عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے میر علی حسن زہری نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ جس پر پہلے 5 رکنی بینچ نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، تاہم نظرثانی درخواست میں الیکشن کمیشن کے 2 ممبران نے فارم 45 کے ووٹوں کی ری کاﺅنٹنگ کا حکم دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں میر علی حسن زہری کی دوبارہ نظرثانی درخواست پر الیکشن کمیشن کی 5 رکنی بینچ تشکیل پائی۔ جس کے حکم پر آج حلقہ پی بی 21 پر دوبارہ گنتی کے مطابق پیپلز پارٹی کے میر علی حسن زہری 23 ہزار 974 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مقابلے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار صالح بھوتانی 17 ہزار 403 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 21 حب پر دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عالیہ بلوچستان کے جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی پر مشتمل بینچ نے سردار صالح بھوتانی کی درخواست پر سماعت کی اور پی بی 21 حب میں الیکشن کمیشن کے احکامات پر دوبارہ گنتی کا عمل روک دیا۔ عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کے تمام احکامات معطل کر دیئے اور سردار صالح بھوتانی کی درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرلیا۔ سماعت 24 اپریل تک ملتوی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں سردار صالح بھوتانی کو 30 ہزارہ 910 ووٹ کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1127807

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1127807/پی-بی-21-ووٹوں-کی-دوبارہ-گنتی-سے-حسن-زہری-کامیاب-قرار-معاملہ-عدالت-میں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org