QR CodeQR Code

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کوئٹہ پہنچ گئے، اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کرینگے

12 Apr 2024 14:42

کوئٹہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ غزہ آج صبر و استقامت کی عملی تصویر بنا ہوا ہے۔ غزہ کی صبر و استقامت نے اقوام عالم کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر رہنماء کوئٹہ پہنچ گئے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایک وفد کے ہمراہ آج اپوزیشن جماعتوں کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ کل ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری روابط محسن شہریار اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحب زادہ حامد رضا کوئٹہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ سہیل اکبر شیرازی، مولانا وزیر القادری، ارباب لیاقت علی ہزارہ اور علامہ مبشر کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

علمدار روڈ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ارسال رسل کا ہدف قیام عدل و انصاف ہے۔ قیام عدل و انصاف کے لئے عوام کی بیداری شعور اور ساتھ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ آج صبر و استقامت کی عملی تصویر بنا ہوا ہے۔ غزہ کی صبر و استقامت نے اقوام عالم کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ایمان اور اللہ پر توکل اہل ایمان کا سرمایہ ہے۔ غزہ کی استقامت ایمان اور اللہ پر توکل کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہدایت اور لوگوں کو خداوند متعال کی طرف رہنمائی کرنا ہمارا ہدف ہے۔ اہل حق کو حق و صداقت کے پیغام کے ساتھ اظہار وجود کرنا چاہئے کہ ہم باطل کے خلاف کھڑے ہیں، میدان میں ہیں۔ پانچ سو ہوں یا پانچ، میدان میں حاضر ہیں۔ ہم شیعہ سنی مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کا سفر طے کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1128120

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1128120/علامہ-راجہ-ناصر-عباس-جعفری-کوئٹہ-پہنچ-گئے-اپوزیشن-کے-اجلاس-میں-شرکت-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org