QR CodeQR Code

ہم اس بات کی اجازت نہیں دینگے کہ صیہونی رژیم اپنی حرکتوں سے علاقائی امن و استحکام کو برباد کرتی پھرے، حسین امیر عبداللہیان

16 Apr 2024 03:24

عمان کے وزیر خارجہ نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں خطے اور بالخصوص فلسطینی عوام کیخلاف صیہونی جارحیت کی مذمت کی۔


اسلام ٹائمز۔ آج شب عمان کے وزیر خارجہ "بدر البوسعیدی" اور ایرانی وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللہیان" کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ جس میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجه نے علاقائی پیشرفت بالخصوص اپنے قانونی دفاعی حق کے تناظر میں صیہونی اہداف پر اپنی فورسز کے حملوں کے بعد کی صورت حال کا ذکر کیا۔ انہوں نے اسی سلسلے میں سیاسی، قانونی اور بین الاقوامی میدانوں میں ایران کے کردار کی وضاحت کی۔ حسین امیر عبداللهیان نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں دوست اور ہمسایہ ممالک کے امن و استحکام کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطعاََ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا کہ صیہونی رژیم اپنی حرکتوں کے ذریعے علاقائی امن و استحکام سے کھیلتی رہے۔ دوسری جانب عمان کے وزیر خارجہ نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں خطے اور بالخصوص فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے حالیہ صورت حال سے نمٹنے اور علاقائی امن و استحکام کے قیام کی خاطر خطے کے ممالک کے درمیان قریبی مشاورت پر زور دیا۔ اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں سنگین انسانی صورت حال کو دہراتے ہوئے بین الاقوامی میدان میں باقی اہم عرب و اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر انسانی امداد کی ترسیل، صیہونی رژیم کے جرائم کے خاتمے اور جنگ بندی پر عمل درآمد کے لئے زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 1128924

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1128924/ہم-اس-بات-کی-اجازت-نہیں-دینگے-کہ-صیہونی-رژیم-اپنی-حرکتوں-سے-علاقائی-امن-استحکام-کو-برباد-کرتی-پھرے-حسین-امیر-عبداللہیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org