QR CodeQR Code

غاصب صیہونی وزیر توانائی کا دورہ امارات

16 Apr 2024 23:05

معروف مسلم ملک متحدہ عرب امارات کے اسرائیل دوست حکام کیساتھ ملاقات اور وہاں منعقدہ ایک بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کیلئے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کا وزیر توانائی آج دبئی جا پہنچا ہے


اسلام ٹائمز۔ غزہ کے خلاف غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز جنگی جرائم کے تسلسل اور 1 لاکھ سے زائد عام فلسطینی شہریوں کے شہید و زخمی کر دیئے جانے کے باوجود مسلم و عرب ممالک کی جانب سے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی اقتصادی، سیاسی و اخلاقی پشت پناہی کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کا سابق وزیر خارجہ اور موجودہ وزیر توانائی ایلی کوہن مسلم عرب ملک متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک کے ساتھ تل ابیب کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آج دبئی پہنچ گیا ہے۔

صیہونی رژیم کے ذرائع ابلاغ بشمول یروشلم پوسٹ نے اطلاع دی ہے کہ ایلی کوہن بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے آج صبح دبئی پہنچا جہاں دبئی میں منعقدہ اس اجلاس میں شریک متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے اسرائیل دوست حکام کے ساتھ ملاقات اور "توانائی و بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں باہمی تعلقات کی مضبوطی" کے بارے مشاورت بھی اسرائیلی وزیر کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

متحدہ عرب امارات کے اپنے اس دورے پر روشنی ڈالتے ہوئے ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ حالیہ ہفتوں کی صورتحال سے معلوم ہو جاتا ہے کہ مشرق وسطی میں اسرائیل اور اس کے ہمسایوں کے درمیان تعاون کتنا "اہم" ہے!

واضح رہے کہ نیتن یاہو کابینہ کے سابق وزیرخارجہ اور موجودہ وزیر توانائی کی جانب سے معروف مسلم عرب ملک متحدہ عرب امارات کا یہ دورہ ایک وقت میں انجام پا رہا ہے کہ جب غاصب و سفاک صیہونی رژیم کے خلاف ایران کے تنبیہی حملے کو ابھی چند روز ہی گزرے ہیں اور یہ موضوع تاحال عالمی میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1129119

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1129119/غاصب-صیہونی-وزیر-توانائی-کا-دورہ-امارات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org