QR CodeQR Code

اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کیلئے مثبت ووٹ دینیوالے ممالک کے سفیروں کو طلب کرینگے، اسرائیل

21 Apr 2024 22:45

غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہیکہ وہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کے حق میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کے سفیروں کو وزارت خارجہ طلب کر کے فلسطین کی حمایت پر "شدید احتجاج" کریگی


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی وزارت خارجہ نے گذشتہ شام اعلان کیا تھا کہ وہ سلامتی کونسل کے ووٹنگ کے دوران اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے حق میں ووٹ ڈالنے والے ممالک کو آج وزارت خارجہ طلب کر کے فلسطین کی حمایت پر "سخت اعتراض" کرے گی۔

اس حوالے سے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان اورین مارمورسٹین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں مستقل رکنیت کے حوالے سے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت پر پہلے مرحلے میں فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، مالٹا، سلوواک ریپبلک اور ایکواڈور کے سفیروں جبکہ آنے والے دنوں میں دیگر ممالک کے سفیروں کو بھی وزارت خارجہ طلب کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے لئے سلامتی کونسل میں جمعے کے روز ہونے والی ووٹنگ میں صرف امریکہ نے ہی اس کے خلاف ویٹو کا ووٹ دیا جبکہ برطانیہ و سوئٹزرلینڈ نے اس رائے شماری میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔

اس ووٹنگ کے بعد اسرائیلی وزارت خارجہ نے خاص طور پر امریکی ویٹو کو سراہا جبکہ کئی ایک ممالک نے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی اندھی حمایت پر مبنی واشنگٹن کے اس اقدام کی شدید مذمت بھی کی۔

اس حوالے سے روس نے تاکید کی تھی کہ امریکہ کے لئے صرف اسرائیل کا مفاد ہی اہم ہے اور واشنگٹن دنیا بھر کے ارادے کو کوئی اہمیت نہیں دیتا!


خبر کا کوڈ: 1130194

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130194/اقوام-متحدہ-میں-فلسطین-کی-مستقل-رکنیت-کیلئے-مثبت-ووٹ-دینیوالے-ممالک-کے-سفیروں-کو-طلب-کرینگے-اسرائیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org