QR CodeQR Code

ایران کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، سید ابوالحسن میری

23 Apr 2024 12:06

پریس کلب کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خانہ فرہنگ ایران کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدیں بلوچستان سے لگتی ہیں لہٰذا بلوچستان کے صحافی برادری کا کردار دونوں ممالک کے تعلقات کو بڑھانے اور تعلقات کو عروج تک پہنچانے میں نہایت اہم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل سید ابوالحسن میری نے کہا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا پاکستان میں تاریخی استقبال دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی غمازی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور دیگر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ دونوں ممالک کی سرحدیں بلوچستان سے لگتی ہیں لہٰذا بلوچستان کے صحافی برادری کا کردار دونوں ممالک کے تعلقات کو بڑھانے اور تعلقات کو عروج تک پہنچانے میں نہایت اہم ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بلوچستان اور ایران کے صحافی ایک دوسرے کے ساتھ رابطے قائم کرکے باوثوق طریقے سے خبروں کا تبادلہ کرکے دونوں ممالک کا حقیقی و بہتر امیج متعارف کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان اور ایران کے درمیان صحافتی سطح پر وفود کے تبادلے کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی بہتر شناخت حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ سید ابوالحسن میری نے بلوچستان کی صحافی برادری کیلئے ایران میں کورسز منعقد کرانے کی پیشکش کی اور یہ تجویز دی کہ زاہدان اور کوئٹہ میں دونوں ممالک کی نیوز ایجنسیز کے دفاتر قائم کئے جائیں، تاکہ خبروں کا بروقت اور معتبر طریقے سے تبادلہ ممکن ہوسکے۔ اس موقع پر انہوں نے صدر کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان کے سینئر صحافیوں کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔


خبر کا کوڈ: 1130534

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130534/ایران-کی-خارجہ-پالیسی-میں-پاکستان-کو-خصوصی-اہمیت-حاصل-ہے-سید-ابوالحسن-میری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org