0
Monday 12 Mar 2012 13:01

غزہ پر اسرائیلی بمباری، ایران کی مذمت

غزہ پر اسرائیلی بمباری، ایران کی مذمت
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیانیہ صادر کیا ہے جس میں گذشتہ روز اسرائیلی طیاروں کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کی گئی ہے۔ اس بمباری میں بیس فلسطینی شہید اور پندرہ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسی طرح بیانئے میں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم اور وحشیانہ اقدامات پر مجرمانہ خاموشی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے اس بیانئے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی غاصب صیہونیستی رژیم کی جانب سے فلسطین کے نہتے عوام کے خلاف مسلسل مجرمانہ اقدامات جن میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں غیرانسانی ہیں اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں جنکی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
بیانئے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اپنی ریاستی دہشت گردی کو جاری رکھتے ہوئے فلسطین کی عوامی مزاحمت کی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل زہیر القبیسی کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کر دیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے اس بیانئے میں بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی مدعی قوتوں کی جانب سے اسرائیل کے ان دہشت گردانہ اقدامات پر پراسرار خاموشی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق سے وابستہ تنظیموں کو چاہئے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی اس واضح خلاف ورزی اور صیہونیست رژیم کے ہاتھوں فلسطین کے نہتے عوام کی شہادت پر اپنے انسانی اور قانونی وظیفے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان کریں۔
بیانئے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم کی جانب سے فلسطین کے مظلوم اور نہتے مرد و خواتین اور بچوں کا قتل عام کو نئی بات نہیں اور اس رژیم کا حقیقی دہشت گردانہ اور ظالمانہ چہرہ آشکار کرتی ہے لیکن ان مجرمانہ اقدامات کے مقابلے میں بین الاقوامی اداروں انسانی حقوق کی دعوے دار تنظیموں کی پراسرار خاموشی عالمی رائے عامہ اور مسلمانوں کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے اس بیانئے میں اسلامی ممالک اور علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں جیسے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن اور دنیا کی تمام آزادمنش اقوام اور ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان اسرائیلی مجرمانہ اقدامات کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کریں۔
خبر کا کوڈ : 144999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش