0
Monday 14 May 2012 19:35

فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی، فلسطین فاؤنڈیشن

فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کی نابودی ناگزیر ہے، فلسطینی عوام پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے 64 سالہ مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر فیصل شیخ، اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما حافظ محمد بلال، انجمن طلبہ اسلام کے ناظم عبد الباسط، پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی رہنما بختاور شاہ، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر عالمگیر خان، فلسطینی طلباء کی تنظیم کے صدر فدل محمد اور دیگر نے 15 مئی ’’یوم نکبہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ مشترکہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسا کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ کسی کو اس کے گھر سے نکال دیا جائے یا گھر سے دور کر دیا جائے اور پھر یہ کہا جائے کہ اب اس کا اپنی سرزمین اور اپنے گھر سے کوئی تعلق نہیں، ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو سنہ 1948ء میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہ صرف اپنے گھروں سے دور کیا بلکہ ان کے جان و مال کو غصب کر لیا، جسے واپس لینا فلسطینی عوام کا حق ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قیام میں یورپی ممالک اور بوڑھا استعمار برطانوی سامراج اور عالمی استعمار امریکہ برابر کے جرم میں شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کے عوام کو اپنے ہی گھروں سے بے دخل ہوئے 64 سال گذر چکے ہیں، لیکن عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اور یورپی ممالک کی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی بے جا پشت پناہی نے فلسطینیوں کے حقوق کو واپس لینے کے راستے میں رکاوٹ قائم کر رکھی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کو آج جرم قرار دیا جاتا ہے جبکہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مظلوم اور نہتے عوام کا خون بہانا جائز قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا دوہرے معیارات کو ترک کردے اور ظالم کو ظالم اور مظلوم کو مظلوم کہنا سیکھے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں میں عالمی استعمار امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی، معاشی، سماجی، اخلاقی اور ہر طرح کے مسائل کا ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہیں لہذٰا آج کے دور میں فلسطین کا دفاع دراصل پاکستان کا دفاع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں اسرائیلی جاسوس دندناتے پھرتے ہیں اور پاکستان کا خفیہ طریقوں سے سفر کرتے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے سازشیں اسرائیل میں بنائی جا رہی ہیں، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر امریکی و اسرائیلی عزائم کے خلاف سینہ سپر ہو جائے، اس موقع پر طلباء نے مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور اور پاکستان فلسطین یکجہتی زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے امریکی، برطانوی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔
خبر کا کوڈ : 161891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش