QR CodeQR Code

بلوچستان میں معدنی وسائل پر قبضے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے، اختر مینگل

27 May 2012 23:28

اسلام ٹائمز: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی کا خاتمہ کئے بغیر قیام امن ممکن نہیں، بلوچ قوم ظلم، جبر اور عذاب سے نجات چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچ قوم کو ظلم و جبر سے نجات دلانے کے لئے عالمی برادری میں سے کوئی آگے آئے، بلوچ قوم خوش آمدید کہے گی کیونکہ ریاست کو بلوچ قوم سے سروکار نہیں ہے بلکہ معدنی وسائل پر قبضہ کے لئے طاقت اور جبر کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی مرضی اور منشاء کے بغیر غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں۔ ان سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بلوچ قوم کی نسل کشی کے لئے اسلحہ و گولہ بارود کا ڈھیر لگایا جارہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی محل وقوع کے باعث انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جو قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔ بلوچ وسائل پر قبضے کے لئے ریاست نے یہاں مسلسل آپریشن کیا جو آج بھی اپنے تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور بندوق کے سائے تلے زندگی گزار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئیے۔


خبر کا کوڈ: 165930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/165930/بلوچستان-میں-معدنی-وسائل-پر-قبضے-کیلئے-طاقت-کا-استعمال-کیا-جارہا-ہے-اختر-مینگل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org