0
Friday 7 Jun 2013 19:14

مسلم حکمران میانمار کے مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھائیں، سنی اتحاد کونسل

مسلم حکمران میانمار کے مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھائیں، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام میانمار کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے میانمار کے مسلمانوں کی حالتِ زار کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی ضمیر کیوں خاموش ہے، برما میں فوج اور پولیس کی موجودگی میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، مسلم حکمران میانمار کے مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھائیں، او آئی سی کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ برما کے مسلمان پچھلے آٹھ سالوں سے ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں، پاکستان کے نئے حکمران برما میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز سلوک کے خلاف ہر عالمی فورم پر مؤثر آواز اٹھائیں۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی حنیف طیب نے عارف والہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ برمی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے وحشیانہ سلوک کا نوٹس لے، مسلمانوں کی بستیاں جلائی جا رہی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں کو جرمِ بے گناہی کی سزا دی جا رہی ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے برما میں مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاؤن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کو خطوط ارسال کرے گی۔ یومِ احتجاج کے سلسلہ میں بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی اور لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، مفتی محمد کریم خان نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 271400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش