0
Thursday 13 Jun 2013 19:58

حکمران برما کے مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف آواز بلند کریں، زوار بہادر

حکمران برما کے مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف آواز بلند کریں، زوار بہادر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ حکمران برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آواز بلند کریں، او آئی سی برما پر دباؤ ڈالے اور اقوام متحدہ کو بھی کارروائی کرنے پر مجبور کریں ۔انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر تاریخ کا بدترین تشدد اور قتل عام ہو رہا ہے پاکستان اور عالم اسلام کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، برمی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں بچوں کو ذبح و جلایا،مساجد میں نمازیوں کو آگ لگا کر اور بازاروں میں مسلمانوں کو روک کر قتل کیا جارہا ہے مگر ہماری اسلامی غیرت و حمیت مردہ ہو چکی ہے ،اس وقت اُمت مسلمہ میں کوئی مسلمان حکمران ایسا نہیں جو ان مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی شالامار ٹاؤن کے زیر اہتمام دروغہ والا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے سید اصغر علی شاہ ،حافظ نصیر احمد نورانی ،مفتی تصدق حسین، قاری منظور جماعتی،پیر غلام رسول نقشبندی،قاری خلیل مہروی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ برمی مسلمانوں کے بیہمانہ قتل عام پر مسلم حکمرانوں اور اُمت مسلمہ کی خاموشی بے غیرتی اور بے حسی کے سوا کچھ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج برما کی مسلمان مائیں ،بہنیں چیخ چیخ کر کسی محمد بن قاسم کو پکار رہی ہیں مگر 58 اسلامی ممالک اور ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان ہونے کے باوجود اُن کی مدد کو کوئی نہیں پہنچ رہا۔

قاری زوار بہادر نے کہا کہ مسلم اُمہ کا یہ اندازاوربے غیرتی و بے حسی اُمت کی کشتی کو لے ڈوبے گی ۔دیگرمقررین نے اپنے خطابات میں مسلم حکمرانوں کی غیرت کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، عورتوں اور بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کا حساب تمہیں دینا ہو گا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ برمی مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف برما کے سفیر کو سخت احتجاج کے بعد ملک بدر کر دے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اسی طرح خاموش رہی توبرما میں لگنے والی آگ پوری دنیا میں مسلمانوں کواپنی لپیٹ میں لے لے گی، مسلمانوں کو ایک ایک کرکے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 273380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش