0
Friday 28 Jun 2013 20:22

مفتی نعیم سمیت جید دیو بندی علماء نے مشرف پر غداری کے مقدمے کی حمایت کر دی

مفتی نعیم سمیت جید دیو بندی علماء نے مشرف پر غداری کے مقدمے کی حمایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں دیوبندی مکتب فکر کے جید علماء کرام نے پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق آمر نے دور اقتدار میں وطن عزیز کے ہر ادارے پر دست دارزی کی۔ پاکستانی عوام آج تک پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ جانی و مالی نقصانات کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ مشرف قومی مجرم اور انکے جرائم کی فہرست کافی طویل ہے۔ قوم سابق آمر کو منطقی انجام تک پہنچا دیکھنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ کسی کو آئین پاکستان اور اعلیٰ اداروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جرات نہ ہو سکے۔ پاک فوج سابق ڈکٹیٹر کےخلاف ہونے والی کارروائی سے لاتعلق رہ کر نئی روایت قائم کرے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ بنوریہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم، مولانا عزیزالرحمن، مولانا عبدالحمید خان غوری، مولانا مفتی عبداللہ شوکت، مفتی محمد نعمان، مولانا غلام رسول، مولانا مسعود بیگ، مولانا انصر محمود، مفتی سیف اللہ جمیل و دیگر علماء کرام نے جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری مشترکہ بیان میں کیا۔
 
علماء کرام نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے آئین پاکستان کو توڑنے سے لیکر اعلیٰ عدلیہ کو یرغمال بنانے اورمنبر و محراب سے لیکر اپنے ہی شہریوں کو ڈالروں کے عوض فروخت کرنے کا خود اقرار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائن الیون کا ڈرامہ دراصل پاکستان کو گروی رکھنے کے لئے رچایا گیا جس کے بعد گزشتہ چودہ سال کے عرصے میں پاکستان اور عوام نے وہ نقصانات اٹھائے کہ جن کا تصور ہی دنیا کو دہلا دیتا ہے۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ قوم آج تک سابق آمر کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ جانی و مالی نقصانات کی شکل میں اٹھا رہ ہے اور پاکستان بیرونی جارحیت کیساتھ اندرونی خلفشار کا شکار ہو گیا ہے۔ انہوں کہ ملک کا ہر طبقہ فکر حکومت کی جانب سے سابق آمر کے خلاف غداری کے مقدمے کے اعلان کی حمایت کرتا ہے۔
 
دیوبندی جید علماء کرام کا کہنا تھا کہ مشرف قومی مجرم ہے اور اسکے جرائم کی فہرست کافی طویل ہے لیکن اب حکومت کسی بھی بیرونی دباﺅ کا شکار ہوئے بغیر سابق آمر کو منطقی انجام تک پہنچائے اور غداری کیس کے ساتھ لال مسجد، بگٹی قتل کیس، ججز نظر بندی کیس، ڈرون حملوں کی اجازت، لاپتہ افراد کیس سمیت تمام دفعات شامل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی فوج پر روز اول سے ہی اعتماد اور فخر ہے ۔ سابق آمر نے پاک فوج کو بدنام کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ علماء کرام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام وطن عزیز کے سپوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ سابق آمر کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی سے یکسر لاتعلق رہ کر آئین و قانون کی بالادستی اور فوج پر عوام کے اعتماد کو بڑھائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی آئین پاکستان اور اعلیٰ اداروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 277641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش