0
Sunday 15 Dec 2013 23:09

بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان، جے یو آئی (ف) پہلے نمبر پر

بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان، جے یو آئی (ف) پہلے نمبر پر

اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی نتائج مکمل کرکے پارٹی پوزیشن کا اعلان کر دیا۔ آزاد امیدوراوں کے بعد جے یو آئی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔ پشتونخوا میپ دوسرے، نیشنل پارٹی تیسرے اور مسلم لیگ (ن) چوتھے نمبر پر ہیں۔ انتخابی عذرداریاں داخل کرنے کیلئے آئندہ دو روز میں تمام اضلاع میں الیکشن ٹریبونلز بھی قائم کئے جائیں گے۔ بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ سب سے زیادہ آزاد امیدوار 2675 نشستوں پر کامیاب ہوئے۔ سیاسی جماعتوں میں جے یو آئی (ف) صوبہ بھر میں 964 نشستوں کیساتھ پہلے، پشتونخوامیپ 765 نشستوں کیساتھ دوسرے نمبر، نیشنل پارٹی 562 نشستوں کیساتھ تیسرے اور مسلم لیگ (ن) 472 نشستوں کیساتھ چوتھے نمبر ہے۔ جے یو آئی (نظریاتی) کے حصے میں 227، بی این پی مینگل 198، مسلم لیگ (ق) 68، اے این پی 62، پیپلز پارٹی 39، بی این پی عوامی 54، پی ٹی آئی 22 اور جماعت اسلامی 9 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سرکاری نتائج کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سے جاری کرے گا۔

بلوچستان کے 29 اضلاع میں انتخابات کرائے گئے، جبکہ کیچ، آواران اور ہرنائی میں انتخابات نہیں ہوئے۔ سید سلطان بایزید کے مطابق تمام تر مشکلات کے باوجود وہ انتخابات کے عمل سے مطمئن ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر انتخاب ضمنی انتخابات مکمل ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کیخلاف عذرداریاں داخل کرنے کیلئے آئندہ دو روز میں تمام اضلاع میں الیکشن ٹریبونلز قائم کر دیئے جائیںگے۔ انتخابات میں ٹرن آؤٹ 42 سے 45 فیصد رہا۔ ریٹرننگ افسران کی سفارش پر صوبے کے 17 حلقوں کے نتائج روکے گئے ہیں۔ سات دسمبر کو بلوچستان بھر میں 4036 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ 2554 امیدوار بلامقابلہ منتخب اور 559 نشستیں خالی رہ گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر انتخاب، ضمنی انتخابات میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات سمیت بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل جنوری کے آ خر تک مکمل ہو جائیں گے۔

خبر کا کوڈ : 330949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش