QR CodeQR Code

کرم ایجنسی، آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل شروع

7 Apr 2014 17:42

اسلام ٹائمز: ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ علاقہ آپریشن کے بعد فورسز نے خالی کروالیا تھا، لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے نقل و حمل کے لیے فنڈز میں دیر کی وجہ سے ان لوگوں کی واپسی میں تقریباً 5 مہینے کی تاخیر ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علی شیرزئی قبیلے کے ہزاروں افراد نے اپنے آبائی علاقوں کی جانب واپسی کا عمل شروع کردیا ہے۔ کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود کا کہنا تھا کہ تقریباً 25 ہزار قبائلی افراد فوجی آپریشن کی وجہ سے جون 2010ء میں نقلِ مکانی کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک 7 ہزار 5 سو افراد واپس اپنے گھروں کی جانب جاچکے ہیں، جبکہ باقی افراد کی واپسی میں دو ہفتے کا عرصہ لگ جائے گا۔ ہم ان افراد کی واپسی کے عمل کو 24 اپریل تک مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں. انہوں نے کہا کہ واپس آنے والے آئی ڈی پیز کو چھ مہینے مفت ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ علاقہ آپریشن کے بعد فورسز نے خالی کروالیا تھا، لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے نقل و حمل کے لیے فنڈز میں دیر کی وجہ سے ان لوگوں کی واپسی میں تقریباً 5 مہینے کی تاخیر ہوگئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واپسی کا یہ عمل فاٹا انتظامیہ کی کوشش کی وجہ سے شروع ہوا، جس نے اس مقصد کے لئے 5 ملین روپے کا انتظام کیا تھا۔ نقلِ مکانی کرنے والے افراد جلد از جلد اپنے گھروں تک واپسی کے لیے وقتاً فوقتاً احتجاج بھی کرتے رہے، لیکن اس کے باجود بھی وفاقی حکومت نے ان کے لئے کوئی مناسب فنڈز جاری نہیں کیے۔


خبر کا کوڈ: 370209

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/370209/کرم-ایجنسی-آئی-ڈی-پیز-کی-واپسی-کا-عمل-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org