QR CodeQR Code

علماء کرام اختلافی تقاریر سے گریز کریں، سردار محمد یعقوب

19 Apr 2014 09:44

اسلام ٹائمز: علی سوجل میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر وارڈ میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں طلبہ کی کمی دور کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ بعض ایسے سکول ہیں جن میں 25 استاد اور 40 بچے ہیں اکثر لوگ اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں داخل کروا دیتے ہیں۔ سرکاری اداروں میں بچے داخل کریں اور مانیٹرنگ کی جائے کہ اساتذہ باقاعدگی سے پڑھاتے ہیں یا نہیں۔ دیہی علاقوں میں علماء کرام اختلافی تقاریر سے گریز کریں تاکہ افراتفری اور فساد پیدا نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آبائی گاؤں علی سوجل، کھوڑی چنہ اور دیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  

انھوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں نے ہاتھوں سے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ ہمارے لوگ 25 کلومیٹر دور سامان اٹھا کر لے جاتے تھے۔ آج سٹرکیں ہیں اور ہر قسم کی سہولت ہونے کے باوجود وہ احساس محرومی سے دوچار ہیں جو کہ ناشکری ہے۔ ہمیں موجودہ دور میں حاصل شدہ سہولتوں پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کو ایک مثالی خطہ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔ بے روزگاری ختم کرنے کے لیے منصوبے شروع کریں گے۔ لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر وارڈ میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی کوئی زیادتی ہو میرے نوٹس میں لایا جائے۔ 

اس موقع پر پولیٹیکل سیکرٹری سردار عمران ظریف، ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد فرید چوہدری، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پونچھ سردار ممتاز غنی، ڈی ایس پی محمد یاسین بیگ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ 


خبر کا کوڈ: 374362

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/374362/علماء-کرام-اختلافی-تقاریر-سے-گریز-کریں-سردار-محمد-یعقوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org