QR CodeQR Code

غیر ملکی فنڈز سے جہاد نہیں فساد ہی ہوسکتا ہے

امریکی ڈالروں کے ذریعے لڑنیوالے اب سعودی ریالوں سے لڑنیکی تیاری کر رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

دہشتگردوں کے لگائے زخموں کیوجہ سے پاکستان کے انگ انگ سے لہو ٹپک رہا ہے

20 Apr 2014 00:53

اسلام ٹائمز: علما ومشائخ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ امریکی ڈالروں کے ذریعے لڑنے والے اب سعودی ریالوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکہ کی جنوبی ایشیا کیلئے پالیسی بھارت کے گرد گھومتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ریاست مخالف دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ ایک ملک میں دو فوجیں نہیں ہوسکتیں۔ پاک فوج پر حملے کرنے والے دہشت گرد امریکہ، بھارت اور افغانستان کے پے رول پر ہیں۔ دہشت گردوں کے لگائے زخموں کی وجہ سے پاکستان کے انگ انگ سے لہو ٹپک رہا ہے۔ طالبان نے جنگ بندی کے دوران بھی احرارالہند کی شکل میں دہشت گردی جاری رکھی اور سکیورٹی فورسز کی طرف سے کسی قسم کا آپریشن نہ کرنے کا فائدہ اٹھایا۔ نواز شریف کو پرویز مشرف پر مقدمہ چلانے سے پہلے اپنا گھر صاف کرنا ہوگا۔ پرویز مشرف کا وزیر قانون نواز شریف کا وزیر سائنس ہے اور پرویز مشرف کا پستول بدل بھائی امیر مقام نواز شریف کا مشیر ہے۔ قوم فوجی آمریت سے نجات کے بعد اب سیاسی آمریت بھگت رہی ہے۔ نواز شریف کا آمرانہ اور بادشاہانہ طرز عمل جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔ ملک و قوم کو دہشت گردی کا اسیر بنانے والوں کو رہا کرنا ملک دشمنی ہے۔ پاکستان کو مستقل وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی ضرورت ہے۔ نواز شریف ردِّ بلا کے لیے خواجہ آصف کی قربانی دیں اور خواجہ آصف سے وزارت دفاع کا اضافی چارج واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20 اپریل کو ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپشن، انتخابی دھاندلی اور سرمائے کی بیرون ملک منتقلی بھی غداری ہے اور اپنے من پسند افراد کو قومی ادارے اونے پونے فروخت کرنا بھی غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ جمہوریت کے چیمپئن بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتے۔ دہشت گردی کچلنے کے لیے نئی قانون سازی ضروری ہے، کیونکہ ملک حالت جنگ میں ہو تو خصوصی قوانین بنانے پڑتے ہیں۔ گلے کاٹنے کی بجائے ایک دوسرے کو گلے لگانے کی ضرورت ہے۔ مسجدوں، مزاروں اور مارکیٹوں میں انسانوں کے چیتھڑے اڑانے کا کوئی اخلاقی اور شرعی جواز نہیں۔ اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور غیر ملکی فنڈز سے جہاد نہیں فساد ہی ہوسکتا ہے۔ امریکی ڈالروں کے ذریعے لڑنے والے اب سعودی ریالوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکہ کی جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی بھارت کے گرد گھومتی ہے۔ افغانستان میں بھارت اور امریکہ کے مشترکہ مفادات ہیں۔ اس لیے امریکہ بھارت کو افغانستان میں مضبوط کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کے لیے سول اور عسکری قیادت کا باہمی اعتماد ضروری ہے۔ پاک فوج کے خلاف بدزبانی کرنے والے وزراء کو فارغ کیا جائے۔ نواز شریف پرویز مشرف پر مقدمہ چلانے سے پہلے امیر مقام، زاہد حامد، ماروی میمن اور عبدالقادر بلوچ کو کابینہ اور مسلم لیگ سے الگ کریں۔ اپوزیشن حکومتی کوتاہیوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ تمام بڑی جماعتیں اقتدار میں حصے دار ہیں، اس لیے ملک میں اپوزیشن کا وجود دکھائی نہیں دیتا اور اقتدار میں شریک جماعتیں من مانی کر رہی ہیں۔ سیاست محض ذاتی مفادات کے لیے ہو رہی ہے اور جمہوریت کے نام پر لوٹ مار جاری ہے۔ لنڈی کوتل میں فوجی چھاؤنی پر حملے سے دہشت گردوں کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 374683

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/374683/امریکی-ڈالروں-کے-ذریعے-لڑنیوالے-اب-سعودی-ریالوں-سے-لڑنیکی-تیاری-کر-رہے-ہیں-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org