QR CodeQR Code

حکومت آزاد کشمیر نے 21 اپریل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا

20 Apr 2014 09:11

اسلام ٹائمز: گذشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر سینٹرل پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دو دنوں میں حریت قائدین کی گرفتاریاں بھارت کی بوکھلاہٹ کا زندہ ثبوت ہیں۔ بیرون ملک مقیم کشمیری و پاکستانی مل کر بھارت کا بنیاد پرست و دہشت گردہ چہرہ بے نقاب کریں۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ بھارتی انتخابات اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور عہدیداروں کی بلاجواز گرفتاریوں، ظلم، بربریت، تشدد اور بدترین دہشت گردی کے خلاف حکومت آزاد کشمیر نے 21 اپریل بروز سوموار ریاست جموں و کشمیر کے دونوں اطراف سمیت تمام دنیا بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے ایوان کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں سمیت تمام مکاتب فکر سے اپنا بھرپور قومی تحریکی کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ 21 اپریل کو احتجاجی جلسے جلوس، ریلیاں اور دھرنے دئیے جائیں گے۔ مظاہرین بہت بڑی احتجاجی ریلی کی صورت میں اقوام متحدہ کے مشن دفاتر جا کر احتجاجی میمورنڈم پیش کریں گے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام ضلعی مقامات پر یوم سیاہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام سیاسی، سماجی زعماء شرکت کریں گے۔ 

گذشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر سینٹرل پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دو دنوں میں حریت قائدین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شیبر شاہ، بلال غنی لون سمیت دو سو سے زائد کشمیری سپوتوں کی گرفتاریاں بھارت کی بوکھلاہٹ کا زندہ ثبوت ہیں۔ کشمیری عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت حریت قائدین سمیت جملہ گرفتار کشمریوں کو فوری طور پر رہا کرے اور ان پر قائم مقدمات کو ختم کرے۔ 

انھوں نے کہا کہ 21 اپریل کو بیرون ملک مقیم کشمیری و پاکستانی مل کر بھارت کا بنیاد پرست، دہشت گردہ چہرہ بے نقاب کرنے اور کشمیریوں پر سفاکانہ تشدد، انسانی و شہری حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔ شوکت جاوید نے کہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی سمیت بااثر ممالک عالمی امن کے قیام اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خواداریت دلوانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 374716

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/374716/حکومت-آزاد-کشمیر-نے-21-اپریل-کو-یوم-سیاہ-منانے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org