QR CodeQR Code

خبر کے ساتھ تصویر درست ترجمانی کیلئے ضروری ہے، ڈاکٹر الطاف اللہ

24 Apr 2014 23:20

اسلام ٹائمز: ماڈل نیشنل جیو گرافک فوٹو کیمپ اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ایک تصویر اپنے اندر ہزار الفاظ کی کہانی کو سموئے ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر الطاف اللہ نے کہا ہے کہ فوٹو گرافی فیلڈ دن بہ دن روبہ ترقی ہے اور کسی بھی اخبار میں تصویر رپورٹ کی صحیح ترجمانی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ فوٹو جرنلزم اور اس کے کیپشن کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بہ خوبی لگایا جاسکتا ہے کہ دوسری جنگ عظیم میں جب چین عالمی طاقتوں کے ساتھ ملکر جرمنی کے خلاف جنگ کے لئے آمادہ نہیں تھا تو ایسے وقت میں یورپی میڈیا نے چین کے اخبارات میں ایک ایسی تصویر شائع کی جس کے نیچے کیپشن میں لکھا تھا کہ جرمن فوج کی بربریت دیکھئے، اتحادی افواج کو قتل کرکے ان کی لاشیں مسخ کرکے گرادیں، یہی وہ وجہ تھی کہ چینی عوام اور حکومت اس وقت جرمنی کے خلاف جنگ کرنے کے لیے آمادہ ہوگئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور یونیورسٹی سٹوڈنٹس سو سائٹیز، خیبر پختونخواہ ٹورازم کارپوریشن کے تعاون سے ماڈل نیشنل جیو گرافک فوٹو کیمپ اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک تصویر اپنے اندر ایک کہانی لئے ہوتی ہے اور ہزار الفاظ کی کہانی کو ایک تصویر میں بیان کیا جاسکتا ہے۔ ماڈل نیشنل جیو گرافک کی چار روزہ ٹریننگ ورکشاپ میں مختلف تعلیمی درسگاہوں کے 60 طلباء اور طالبات شرکت کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 376166

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/376166/خبر-کے-ساتھ-تصویر-درست-ترجمانی-کیلئے-ضروری-ہے-ڈاکٹر-الطاف-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org