0
Tuesday 20 May 2014 08:06
سب کیساتھ ملکر کام کرینگے، نوری المالکی

عراق کے عام انتخابات میں وزیراعظم کے اتحاد کو برتری حاصل

عراق کے عام انتخابات میں وزیراعظم کے اتحاد کو برتری حاصل
اسلام ٹائمز۔ عراق میں ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج میں وزیراعظم نوری المالکی اور انکی اتحادی جماعتوں (اسٹیٹ آف لا پارلیمانی بلاک) نے برتری حاصل کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کے مطابق وزیراعظم نوری المالکی اور انکی اتحادی جماعتوں نے 328 میں سے 92 نشستیں حاصل کی ہیں، لیکن حکومت بنانے کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ نوری المالکی کے اتحاد نے تنہا بغداد سے 30 سیٹیں حاصل کی ہیں، عراق کے کل 18 صوبوں میں سے 10 صوبوں میں اس اتحاد نے باقی سیاسی جماعتوں سے زیادہ سیٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ وزیراعظم کے اصلی ترین سیاسی مخالف اتحادوں نے 16 سے 33 سیٹیں حاصل کی ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے وزیراعظم نوری المالکی کے اتحاد نے اکثر انتخابی حلقوں میں سب سے زیادہ ووٹ لئے ہیں، تاہم وہ پارلیمان میں مطلوب سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اگرچہ ان انتخابات سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق نوری المالکی کے حکومت تشکیل دینے کے امکانات سب سے زیادہ ہیں، تاہم نئی حکومت کی تشکیل کے لئے انہیں دیگر سیاسی اتحادوں کی حمایت کی ضرورت ہے۔
نوری المالکی کے مخالف دو رہنما عمار الحکیم اور مقتدیٰ الصدر کی حمایتی جماعت احرار 57 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ آئندہ حکومت کی تشکیل کے لئے نوری المالکی کے اتحاد کو باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکومت بنانا پڑے گی۔ عراق کی سیاسی جماعتوں میں موجود اتفاق رائے کے مطابق اس ملک کا وزیراعظم شیعہ، صدر مملکت کرد اور پارلیمان کا اسپیکر سنی ہوگا۔ الیکشن کے حتمی نتائج دھاندلیوں کی شکایت کو نمٹانے کے بعد آئندہ چند ہفتوں میں آنے کی توقع ہے۔ ابھی عراقی پارلیمان کے اسپیکر اور صدر مملکت کا انتخاب ہونا باقی ہے، لہذا توقع یہی ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل میں ابھی چند ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔  


ادھر عراق کے وزیراعظم نوری مالکی نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق نوری مالکی نے گذشتہ شب عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد "حکومت قانون اتحاد" کی جانب سے عراق کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے آئین کے دائرۂ کار میں  سب کے مطالبات پورے کئے جائيں گے۔ نوری مالکی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کردوں سمیت تمام گروہوں کے مطالبات آئين کے منافی نہ ہونے کی صورت میں پورے کئے جائیں گے۔ عراق میں اقوام متحدہ کے نمائندے نیکلائے ملادینوف نے عراق کے عام انتخابات کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت عراق نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے اور اب سب کو عراق کے بہتر مستقبل کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 384347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش