QR CodeQR Code

جلد ہی آئی ڈی پیز کے علاقوں کا دورہ کرونگا

ضرب عضب آپریشن کو شرعی لحاظ سے ضرب حق قرار دے رہا ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری

24 Jun 2014 19:43

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی اے ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پولیس والوں نے جھوٹا کیس بنانے کیلئے خود اپنے اوپر حملے کرائے، میں نواز شریف اور شہباز شریف سے پوچھتا ہوں کہ سفید وردی میں اجرتی قاتل کیا کر رہے تھے۔ طاہر القادری نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن دہشتگردوں کیخلاف جہاد ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ان کے 1400 کارکن اب تک گرفتار ہیں، جن کے خلاف درجنوں تھانوں میں مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔ لاہور میں جاں بحق ہونے والے کارکن کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ منہاج القرآن سیکریٹریٹ پر پیش آنے والے وقعے میں پولیس کے مدمقابل ان کا کوئی کارکن مسلح نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے قابل مذمت کردار ادا کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارے 14 کارکن پہلے شہید کئے گئے جب کہ ایک اور کارکن آج شہید ہوا۔ طاہر القادی نے پریس کانفرنس میں پولیس اور دیگر گاڑیوں کی تصاویر دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پولیس اپنے ساتھ سادہ کپڑوں میں دہشت گرد لائی تھی، جنہوں نے فساد پھیلایا۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے میڈیا سے گفگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القران کے ویلفیئر فاؤنڈیشن سے آئی ڈی پیز کیلئے امداد بھیج رہے ہیں، شہروں میں آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے کیمپ لگائیں گے۔ جلد ہی آئی ڈی پیز کے علاقوں کا دورہ بھی کروں گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا پاک فوج کو جہاد میں مکمل سپورٹ کرنا ہوگی، ضرب عضب پر قوم مکمل اظہار یکجہتی کرے، آنے والے جمعے سے لیکر اگلے چار جمعہ تک پورے ملک میں پرامن اظہار یکجہتی ریلی نکالیں گے۔ جمعے کو یوم ضرب عضب کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ضرب عضب کی ہر سطح پر تائید کا اعلان کر رہا ہوں، ضرب عضب آپریشن دہشت گردوں کیخلاف جہاد ہے کیونکہ فوج دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے، ضرب عضب آپریشن کو شرعی لحاظ سے ضرب حق قرار دے رہا ہوں۔


خبر کا کوڈ: 394776

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/394776/ضرب-عضب-آپریشن-کو-شرعی-لحاظ-سے-حق-قرار-دے-رہا-ہوں-ڈاکٹر-طاہرالقادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org