QR CodeQR Code

عراق کی تقسیم مغربی طاقتوں کا ایجنڈا ہے، مولانا آغا سید حسن

5 Jul 2014 09:19

اسلام ٹائمز: مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب میں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ داعش نے اپنے نظریات اور کردار و عمل سے ثابت کر دکھایا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی مہم جوئی کا ایک حصہ بنے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کی سلگتی صورتحال کو امت مسلمہ کے اخوت و اتحاد کو درہم برہم کرنے کا ایک سامراجی منصوبہ قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے واضح کیا ہے کہ دو قوتوں کے درمیان تصادم آرائی اور مہم جوئی کے حوالے سے ظالم و مظلوم کی شناخت کے بعد ظالم سے نفرت اور مظلوم سے ہمدردی امت مسلمہ کا ایک دینی فریضہ ہے، مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ مغربی میڈیا عراق کی صورتحال کو شیعہ سنی منافرت کا شاخسانہ قرار دینے کی ہرممکن کوشش کر رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مغربی قوتیں عراق کی تقسیم کے گھناونے عزائم کی تکمیل کا ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہیں، مولانا آغا سید حسن نے کہا کہ داعش نے اپنے نظریات اور کردار و عمل سے ثابت کر دکھایا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کی مہم جوئی کا ایک حصہ بنے ہوئے ہیں۔
کشمیری پنڈتوں کو کشمیری سماج اور تہذیب و ثقافت کا ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ہم ان کی کشمیر واپسی کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، تاہم انہیں یہاں سے جس طرح ایک سازش کے تحت مہاجرت اختیار کرنے پر مجبور کیا گیا، اگر ان کی وطن واپسی کے نام پر ایک اور سازش رچائی گئی تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا، انہیں اپنے آبائی علاقہ جات میں بسانے کے کسی بھی منصوبے کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے موقعہ پر آزادی پسند جماعتوں کی کال پر مکمل ہڑتال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہل کشمیر نے مکمل ہڑتال کرکے بی جے پی کے کشمیر دشمن عزائم کے خلاف اپنے غم و غصہ کا مظاہرہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 397405

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/397405/عراق-کی-تقسیم-مغربی-طاقتوں-کا-ایجنڈا-ہے-مولانا-آغا-سید-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org