QR CodeQR Code

غاصب اسرائیل کیخلاف شیعہ سنی مسلمانوں کو ملکر قیام کرنا ہوگا، علامہ مقصود علی ڈومکی

22 Jul 2014 00:05

اسلام ٹائمز: تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی رہنماء قاسم سوری سے ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک کو فلسطین میں جاری جارحیت کیخلاف اسرائیل سے تمام تر سفارتی تعلقات معطل کرنے چاہیئیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر حقیقی جمہوریت کا قیام ناممکن ہے۔ چار حلقوں میں انتخابی عمل کی تحقیقات سے خائف حکومت اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔ ہم انتخابی اصلاحات کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی میں آپریشن کے باوجود معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کو سوالیہ نشان قرار دیا۔ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور معصوم انسانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عدیل عباس اور حیدر رضوی کے قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے خلاف شیعہ سنی مسلمان مل کر قیام کریں۔ حماس اور حزب اللہ کی حمایت تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ انہوں نے ترک وزیراعظم اردوگان کی جانب سے اسرائیل کو دی گئی دھمکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی حکومت پہلے انکارا اور استنبول میں قائم اسرائیلی سفارتخانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی جگہ فلسطینی سفارتخانے کھولنے کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر ترکی اور دیگر مسلم ممالک کو مظلومین فلسطین کی مدد کرنا ہوگی۔ ترک انٹیلیجنس کا موساد کے ساتھ معاہدہ اور نیٹو کی رکنیت ایک سوالیہ نشان ہے۔ انبیاء (ع) کی سرزمین فلسطین پر اسرئیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ہم مظلوم فلسطینی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ مسلم حکمرانوں کی خیانت کے باوجود مسلم عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ انشاءاللہ نصرت الٰہی کا وعدہ جلد سچا ہوگا اور امت مسلمہ کی وحدت بیداری اور قیام للہ کے نتیجہ میں قبلہ اول جلد آزاد ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 400788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/400788/غاصب-اسرائیل-کیخلاف-شیعہ-سنی-مسلمانوں-کو-ملکر-قیام-کرنا-ہوگا-علامہ-مقصود-علی-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org