QR CodeQR Code

پوری قوم آپریشن ضرب عضب کی حمایت کر رہی ہے

پاکستان کا اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنیکا مطالبہ

24 Jul 2014 15:03

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان 1967ء کی سرحدوں کیساتھ خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے، ہمیں افغانستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے اکٹھے ہونے اور پاکستانی چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات ملی تھیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، سیکرٹری خارجہ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین سے متعلق بھارتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ ملاقات میں کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات ہوگی۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اسلام آباد میں نیوز بریفنگ سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں کے ساتھ خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کو مارا جا رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کی حمایت کی ہے، ہم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گذشتہ روز غزہ کے لئے آواز اٹھائی۔

سیکرٹری خارجہ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین اور ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کے بھارتی الزامات کو مسترد کیا۔ انھوں نے نئی دہلی میں یو این فوجی مبصرین کے دفاتر خالی کرانے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ ایل او سی پر ڈی جی ایم اوز کے ساتھ ساتھ یو این فوجی مبصرین کا کردار بہت اہم ہے۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو میں بھی کنٹرول لائن پر کشیدگی پر بات ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کی سرزمین پر دہشتگردوں کے اکٹھے ہونے اور پاکستانی چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات ملی تھیں جس پر محمود خان اچکزئی کو کابل بھیجا گیا تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ انکا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی پوری قوم حمایت کر رہی ہے، تمام دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 401247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/401247/پاکستان-کا-اسرائیل-سے-فوری-جنگ-بندی-اور-غزہ-محاصرہ-ختم-کرنیکا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org