QR CodeQR Code

شام اور عراق میں مصروف تنظیمیں اسرائیل کے خلاف جہاد کریں

فلسطینیوں کو اسرائیل سے نجات دلانے کیلئے جہاد فرض ہو چکا ہے، حافظ سعید

26 Jul 2014 10:10

اسلام ٹائمز: لاہور میں یوم القدس ریلی اور جمعہ الوداع کے اجتماع سے خطاب میں امیر جماعت الدعوۃ کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمان بھی اسرائیل کے خلاف جہاد کیلئے اٹھ کھڑے ہوں، پوری پاکستانی قوم کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔ ایران القدس کے مسئلہ میں پیش پیش رہتا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں ایران اسرائیل پر حملہ کرے۔ یہ وقت دشمن کے ظلم کو روکنے کا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعةالدعوة پاکستان کی اپیل پر اسرائیلی بربریت اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں سب سے بڑا پروگرام یونیورسٹی گراﺅنڈ میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلی اور چوبرجی چوک میں منعقدہ جلسہ عام تھا جس میں لاہور اور اس کے گردونواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے اسرائیل کی بربادی تک جنگ رہے گی، جنگ رہے گی اور حافظ سعید قدم بڑھاﺅ ہم تمہارے ساتھ ہیں، کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ چوبرجی چوک میں جلسہ عام سے امیر جماعةالدعوہ حافظ سعید، تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، لاہور بار کے سابق سیکرٹری عبدالطیف سراء ایڈووکیٹ، مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی، احسان الہٰی وٹو، بلال احمد چیمہ و دیگر نے خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ سعید نے جلسہ عام اور یونیورسٹی گراﺅنڈ میں جمعةالوداع کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کو ظلم سے نجات دلانے اور اسرائیلی درندگی کے خاتمے کے لئے ساری امت پر جہاد فرض ہو چکا ہے۔ فلسطینی مسلمان بھی اسرائیل کے خلاف جہاد کیلئے اٹھ کھڑے ہوں، پوری پاکستانی قوم کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔ افغان مسلمان امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان سے بھاگنے پر مجبور کر سکتے ہیں تو اسرائیل بھی ان شاءاللہ فلسطینی مسلمانوں کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گا، جس طرح اللہ کی مدد یہاں اتری ہے اس کی مدد وہاں بھی آئے گی۔ فلسطین، کشمیر، برما، انڈیا اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی آزادیوں و حقوق کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ سے ہی ممکن ہے۔ اسی سے دنیا سے ظلم اور فساد کا خاتمہ ہو گا۔ بھارتی مسلمانوں کا قتل عام اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر روکنے کا حل بھی یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سعودی عرب میں بیٹھ کر احتجاج کی کال دی لیکن میں انہیں اللہ کا پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ جب کسی خطے کے مسلمان دشمنوں کے ظلم میں ہوں اور وہ پکار رہے ہوں۔ جس طرح فلسطین کے مسلمان آج پکار رہے ہیں تو پھر اللہ حکمرانوں کو مظلوم مسلمان بھائیوں کی مدد کا حکم دیتا ہے۔ ایران القدس کے مسئلہ میں پیش پیش رہتا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں ایران اسرائیل پر حملہ کرے۔ یہ وقت دشمن کے ظلم کو روکنے کا ہے، افغانستان میں مجاہدین کی رب نے مدد کی قبلہ اول کی حفاظت کے لئے افغانستان سے بھی بڑا جہاد ہو گا۔ فلسطینی مسلمان اکٹھے ہو جائیں آپس کے جھگڑے ختم کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے مالی طور پر انکا تعاون کرنا ہے جن کی ناکہ بندی کی گئی اور وسائل روکے گئے ہیں، رمضان کے مہینے میں بھی کھانے پینے کا سامان نہیں پہنچ رہا، ہر طرف سے راستے روک دیئے گئے ہیں، پاکستان ان ملکوں میں شامل ہو گا جو انشاء اللہ فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے سب سے آگے ہو گا، ہم بھی انکی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کا دشمن ہے۔ عرب سربراہ و دیگر اسلامی ممالک کے حکمران امریکہ کا ساتھ چھوڑ دیں ،صرف افغانستان میں امریکہ نے لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا جب اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کی درندگی کے خلاف قرارداد آئی تو امریکہ نے اسکی مخالفت کی جس سے یہ ثابت ہو گیا کہ امریکہ پورے عالم اسلام کا دشمن ہے۔ حافظ سعید نے کہا کہ فلسطینی مسلمان اسرائیل کے خلاف میدان میں نکلے ہیں تو اسرائیلیوں کے لاشے تڑپنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہم نے اسرائیل سے اپنا قبلہ اول چھڑانا ہے۔ شام اور عراق میں جو لوگ کفار کی سازشوں کے راستے ہموار کر رہے ہیں اگر وہ جہاد کرنا چاہتے ہیں تو اسرائیلی درندوں کے خلاف جہاد کیلئے کھڑے ہو جائیں۔


خبر کا کوڈ: 401564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/401564/فلسطینیوں-کو-اسرائیل-سے-نجات-دلانے-کیلئے-جہاد-فرض-ہو-چکا-ہے-حافظ-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org