QR CodeQR Code

عید کی خوشیوں میں آئی ڈی پیز اور فلسطینی بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں، علامہ ناصر عباس جعفری

28 Jul 2014 19:10

اسلام ٹائمز: عید کے موقع پر اپنے پیغام میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمران سن لیں ہمارے بیگناہ لوگوں کو گرفتار کرکے جس بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، اس حساب کا اس دنیا اور آخرت دونوں میں ان ظالموں کو دینا ہوگا، پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔


اسلام ٹائمز۔ عیدالفطر کی خوشیوں میں اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں اور آپریشن ضرب عضب کے متاثرین آئی ڈی پیز اور دہشت گردوں کیخلاف برسر  پیکار  بہادر  افواج پاکستان کے جوانوں کو ضرور یاد رکھیں اور اس عید پر عہد کریں کہ ہم اپنے وطن عزیز میں سے ہر قسم کی ناانصافی، ظلم اور استحصالی نظام کا خاتمہ کریں گے۔ وطن عزیز کو معاشی قارونوں، سیاسی فرعونوں اور مذہبی بلعم بعوروں سے نجات دلانے کیلئے ہر محب وطن پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری عید کے پیغام میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا پنجاب کے حکمران سن لیں، ہمارے بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرکے جس بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، اس کا حساب اس دنیا اور آخرت دونوں میں ان ظالموں کو دینا ہوگا، پنجاب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، مجلس وحدت مسلمین کے پنجاب سیکرٹریٹ کی سکیورٹی عید کے حساس دنوں میں واپس لے لی ہے، کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار پنجاب کے وزیر قانون اور آئی جی پنجاب ہونگے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ غیر آئینی اور دھاندلی الیکشن سے اقتدار میں آنے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل کے تحت ان ظالموں کیخلاف قدم اُٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری سے ستائے عوام کسی نجات دہندہ کے منتظر ہیں، ایسے میں محب وطن قوتوں کو چاہیے کہ وہ بھرپور کردار ادا کرکے ان غاصبوں اور ظالموں سے ملک کو نجات دلائیں۔


خبر کا کوڈ: 402012

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/402012/عید-کی-خوشیوں-میں-ا-ئی-ڈی-پیز-اور-فلسطینی-بھائیوں-کو-ضرور-یاد-رکھیں-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org