QR CodeQR Code

مستقبل کی خوشحالی کیلئے آج اصلاحات کا بہترین وقت ہے

آئین کی بالادستی کا حلف اٹھایا ہے اور اس پر کبھی آنچ نہیں آنے دینگے، نواز شریف

27 Aug 2014 14:32

اسلام ٹائمز: قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی خلل کیوجہ سے ملک میں ترقی کے سفر میں خلل پڑ گیا ہے لیکن وہ گھبرانے والے نہیں کیونکہ ان پر اس بھی مشکل وقت آیا ہے لیکن انہوں نے کبھی اس کا ذکر نہیں کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ حالات سے گھبرانے والے نہیں، انہوں نے آئین کی بالادستی کا حلف اٹھایا ہے اور اس پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ یہ ایوان 20 کروڑ عوام کی آواز ہے، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن جس طرح سے پارلیمانی جماعتوں نے آئین کی بالادستی کے لئے قراداد کی حمایت کی اس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر چل نکلا تھا، ابھی اس سفر کا آغاز ہی ہوا تھا لیکن موجودہ سیاسی ہلچل کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے، حالیہ دنوں میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔ 
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی خلل پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں لیکن جب یہ معاملہ ختم ہوگا تو اس پر ضرور بات کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دو ہزار آٹھ کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، مجھے الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، الیکشن میں حصہ نہ لینے کی اجازت کے باوجود ہم نے انتخابات میں حصہ لیا، اس وقت ملک کے تمام ادارے ڈکٹیٹر کے ماتحت تھے۔ گذشتہ الیکشن میں ہم نے پورے دل کے ساتھ پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا، اسی طرح عمران خان نے بھی مجھے انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی لیکن اب احتجاج کیا جا رہا ہے۔  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر حکومت صحیح کام نہیں کرتی تو پارلیمنٹ کو محاسبہ کرنے کا حق ہے۔ ہم ملک کے ہر شعبے میں اصللاحات چاہتے ہیں، مستقبل کی خوشحالی کے لئے آج ہی تو اصلاحات کا بہترین وقت ہے، اصلاحات کمیٹی کو کامیاب بنانے کے لئے سب کو کردار ادا کرنا چاہیئے اور اپنی رائے دینی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 406884

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/406884/آئین-کی-بالادستی-کا-حلف-اٹھایا-ہے-اور-اس-پر-کبھی-آنچ-نہیں-آنے-دینگے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org