QR CodeQR Code

پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا، رچرڈ اولسن

26 Sep 2014 19:39

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹی ٹی پی کے پاکستان پر حملوں پر تحفظات ہیں، اس حوالے سے ہم نے حکومت پاکستان سے تعاون کیا ہے، ٹی ٹی پی کی پناہ گاہوں کا معاملہ نئی افغان حکومت سے اٹھایا جانا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان میں متعین سفیر رچرڈ اولسن نے افغانستان میں پاکستان کے کردار کے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا، سرحد پار سےتحریک طالبان پاکستان کے حملوں کا معاملہ نئی افغان حکومت سے اٹھانا چاہیے۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے امریکی سفیر کا کہنا تھا گزشتہ 13 سال میں افغانستان بدل چکا ہے، افغان معاشرے میں اہم تبدیلیاں آئی ہیں، اب زیادہ تر افغانوں کو صحت اور تعلیم کی سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغان اب بیرونی دنیا سے جڑ چکے ہیں، نوجوان نسل اب طالبان کے بارے میں جانتی تک نہیں، یہ نسل اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز دو سال سے طالبان کے خلا ف اپنے ملک کا دفاع کر رہی ہیں، 29 ستمبر کو نئی افغان قیادت حلف لے گی، پاکستان کا اس حکومت کے ساتھ رابطہ رکھنا اور تمام ایشوز پر بات کرنا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹی ٹی پی کے پاکستان پر حملوں پر تحفظات ہیں، اس حوالے سے ہم نے حکومت پاکستان سے تعاون کیا ہے، ٹی ٹی پی کی پناہ گاہوں کا معاملہ نئی افغان حکومت سے اٹھایا جانا چاہیے۔ رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ وہ اکتوبر میں ایک پاکستانی تجارتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفد کے ساتھ امریکا جائیں گے، جہاں وہ اس وفد کی ملاقات بڑی امریکی آئی ٹی کمپنیز سے کرا کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 411760

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411760/پاکستان-افغان-مفاہمتی-عمل-میں-اہم-کردار-ادا-کرتا-رہے-گا-رچرڈ-اولسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org