QR CodeQR Code

پنجاب پولیس کے 436 افسر و اہلکار دھرنوں کی ڈیوٹی سے غائب

30 Sep 2014 19:15

اسلام ٹائمز: پنجاب پولیس کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی اکثریت ڈیوٹی چھوڑ کر ظالم حکومت کیخلاف دھرنوں میں شامل ہو چکی ہے۔


لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

آئی جی اسلام آباد کی جانب سے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو ارسال کئے گئے ایک  مراسلے میں انکشاف ہوا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنوں کی ڈیوٹی پر تعینات پنجاب پولیس کے 436 اہلکار غائب ہو گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد اور محکہ داخلہ نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کو روکنے کے لئے پنجاب سمیت دیگر صوبوں سے پولیس کی نفری طلب کی تھی۔ پنجاب سے بھی پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد میں ڈی چوک اور شاہراہ دستور پر تعینات ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو مراسلہ ارسال کیا ہے جن میں ڈیوٹی سے غائب ہونے والے 436 افسروں اور اہلکاروں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

آئی جی مشتاق سکھیرا نے آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ملنے والے مراسلے کے بعد تحقیقات کا حکم دے دیا ہے کہ پتہ چلایا جائے اسلام آباد سے فرار ہونے والے پولیس اہلکار کہاں گئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب پولیس کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی اکثریت ڈیوٹی چھوڑ کر ظالم حکومت کیخلاف دھرنوں میں شامل ہو چکی ہے۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کچھ اہلکاروں کا تعلق سیلاب متاثرہ علاقوں سے تھا اور ان کے گھر سیلاب میں بہہ گئے ہیں یہ امکان ہے کہ دھرنوں کی ڈیوٹی سے غائب ہونے والے اہلکار اپنے اپنے آبائی گھروں کو گئے ہوں گے تاکہ سیلاب کی تباہی سے اپنے اہلخانہ کو بچا سکیں تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 412532

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/412532/پنجاب-پولیس-کے-436-افسر-اہلکار-دھرنوں-کی-ڈیوٹی-سے-غائب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org