QR CodeQR Code

کشمیر کے شیعہ مذہبی رہنما مولانا افتخار حسین انصاری کے انتقال پر سیاسی، علیحدگی پسند اور دینی انجمنوں کا اظہار رنج

1 Oct 2014 09:46

اسلام ٹائمز: میرواعظ عمر فاروق نے مولانا افتخار حسین انصاری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کی دینی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے، میرواعظ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔


اسلام ٹائمز۔ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور معروف عالم دین مولانا افتخار حسین انصاری کی وفات پر ریاستی گورنر این این وہرا، تمام وزراء، اسمبلی سپیکر مبارگ گل، کونسل کے چیئرمین امرت سنگھ ملہوترا، نیشنل کانفرنس سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی سرپرست مفتی محمد سعید، صدر محبوبہ مفتی، ممبران اسمبلی، پی ڈی ایف سربراہ حکیم محمد یاسین، عوامی نیشنل کانفرنس صدر بیگم خالدہ شاہ، حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق، انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن، پیپلز کانفرنس (ب) کے سربراہ بلال غنی لون، پیروان ولایت کے سربراہ سبط محمد شبیر قمی، صدر EAJC عبدالقیوم وانی، انجمن حمایت الاسلام صدر مولانا خورشید احمد قانونگو و سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ، شیعہ فیڈریشن جموں، حسینی یادگار کمیٹی اور ایجوکیشنل ٹرسٹ کشمیر نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ این این ووہرا نے مولوی افتخار حسین انصاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران علی محمد ساگر اور محمد اکبر لون نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عظیم سیاسی رہنماء اور وسیع النظر مذہبی لیڈر تھے جنہوں نے سماج کے کمزور طبقوں کی ہمیشہ ترجمانی کی، مبارک گل اور امرت ملہوترا نے بھی افتخار حسین انصاری کو خراج عقیدت ادا کیا۔

مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی نے مولوی انصاری کے انتقال کو سماج کیلئے اجتماعی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولوی انصاری ایک ایسی ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے جنہیں سماج کے تئیں خدمات کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ مولوی صاحب ان کے قریبی رفقاء میں سے ایک تھے جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ میرواعظ عمر فاروق نے مولانا افتخار حسین انصاری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کی دینی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا انصاری شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحبؒ کے بے تکلف دوستوں اور اولین ساتھیوں میں تھے اور جب جموں کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق ’’حق خود اداریت‘‘ دلوانے کیلئے شہید رہنماء نے عوامی مجلس عمل کی داغ بیل ڈالی تو مرحوم مولانا انصاری تنظیم کے بنیادی ارکان میں شامل تھے، میرواعظ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔

آغا سید حسن نے مولوی افتخار حسین انصاری کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے، آغا حسن نے کہا کہ موصوف کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا وہ ناقابل تلافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولوی افتخار حسین نے اپنی حیات میں جو گرانقدر خدمات انجام دیں وہ اظہر من الشمس ہے اور ان کا ذکر کرنا ایک طویل المیعاد عمل ہے، آغا حسن نے مرحوم کے جملہ لواحقین، پسماندگان اور وادی کے مکتب تشیع سے وابستہ عوام اور بالخصوص ان کے فرزند عمران رضا انصاری، برادر ان عابد حسین انصاری اور امجد حسین انصاری سے تعزیت و تسلیت پیش کی، تنظیم کے شعبہ تعلیم سے وابستہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام اور مکتب الزھراؑء حسن آباد سرینگر کے معلمین، طلبہ و طالبات نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی، پیروان ولایت کے سربراہ سبط محمد شبیر قمی نے مرحوم افتخار حسین انصاری کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فرزند عمران رضا انصاری کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے ایک ایسا خلا پیدا ہواہے جس کو پر نہیں کیا جاسکتا، دریں اثناء انجمن حمایت اسلام کے صدر مولانا خورشید احمد اور سرپرست اعلیٰ مولانا شوکت حسین نے مولانا کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک قابل مقرر، مبلغ اور مسلک تشیع کے قابل نمائندہ تھے۔


خبر کا کوڈ: 412620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/412620/کشمیر-کے-شیعہ-مذہبی-رہنما-مولانا-افتخار-حسین-انصاری-انتقال-پر-سیاسی-علیحدگی-پسند-اور-دینی-انجمنوں-کا-اظہار-رنج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org