QR CodeQR Code

مشکلات سہنے کے باوجود شرکاء سیسہ پلائی دیوار کیطرح ڈٹے رہے

طاہرالقادری نے پی اے ٹی کو سیاسی جماعت بنانے کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

2 Oct 2014 19:57

اسلام ٹائمز: پی ٹی آئی کے سربراہ کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ انہوں نے آج ایک تاریخ رقم کردی ہے، ہمارے دھرنے کو 50 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر دمادم مست قلندر ہوگا اور دعویٰ کیا کہ وہ ایسا جلسہ کریں گے کہ مینار پاکستان کا میدان کم پڑ جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک انتخابی سیاست میں حصہ لے گی، ایوانوں میں بیٹھ کر ایوان کا وقار بحال کریں گے۔ اسلام آباد میں انقلابی دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ ہونے والے تمام انتخابات میں حصہ لے گی اور عوام کو صاف ستھرے نمائندے مہیا کرکے پارلیمانی جماعت بن کر ابھرے گی تاکہ پارلیمنٹ کو مکمل طور پر عوام کی نمائندہ بنا کر عوامی فیصلے کئے جائیں۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ مزید ان چوروں اور لٹیروں کو ملک کو لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے، ہم موجودہ نظام سے سمجھوتہ نہیں کریں گے، انتخابات میں حصہ لے کر پارلیمنٹ میں آئیں گے اور اس نظام کو بدلیں گے، ہم پارلیمنٹ کے تقدس کو بحال کرینگے، انقلابی تحریک کا آغاز 12 اکتوبر کو فیصل آباد میں جلسے سے ہوگا، 19 اکتوبر کو لاہور میں بھی جلسہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور بھی ان ظالموں سے ٹکرائے گا، ٹکٹوں کا فیصلہ بھی عوام کریں گے اور عوامی تحریک کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک گیر انقلابی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ طاہر القادری کہتے ہیں کہ عیدالضحٰی کے بعد بارہ اکتوبر کو فیصل آباد اور انیس اکتوبر کو لاہور میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ شاہراہ دستور پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پچاس دن پورے کر کے شرکاء نے دھرنے کا ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ موسم کی سختیوں اور شیلنگ جیسی مشکلات سہنے کے باوجود شرکاء سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شاہراہ دستور کے انقلابی دھرنے کو ملک گیر تحریک کا حصہ بنائیں گے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں جلسے کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے شرکاء کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس انقلابی تحریک کا آغاز آج سے ہی کر دیا جائے جبکہ ان جلسوں کے بعد اگلے جلسوں کا اعلان وہ بعد میں کریں گے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑیں گے، ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوام اور قومی اداروں کو اعتماد میں نہیں لیتے، یہ ہر 3 ماہ بعد قرضے لے لیتے ہیں، یہ اگلی نسلوں پر قرضوں کا بوجھ ڈال کر مدت پوری کر کے چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی الیکشن ہوں گے ان کی جماعت الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور اس مقصد کے لئے انتخابی جماعت بنا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دھرنے کے شرکاء نے آج ایک تاریخ رقم کردی ہے، ہمارے دھرنے کو 50 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر دمادم مست قلندر ہوگا اور دعویٰ کیا کہ وہ ایسا جلسہ کریں گے کہ مینار پاکستان کا میدان کم پڑ جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 412936

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/412936/طاہرالقادری-نے-پی-اے-ٹی-کو-سیاسی-جماعت-بنانے-کیلئے-الیکشن-میں-حصہ-لینے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org