QR CodeQR Code

فکر حسین (ع) کو ذکر حسین (ع) سے امت تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، علامہ رمضان توقیر

20 Oct 2014 19:26

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں متولیان و بانیان اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر نے کہا ہے کہ مراسم عزاداری کو پرامن انداز میں انجام دینے کیلئے انتظامات کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ رمضان توقیر نے کہا ہے کہ عزاداری سیدالشہداء دین خدا کی بقا کی ضامن ہے اور اس سے ہر دور کے ظالم کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت کا درس ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تھلہ حیدر شاہ شیرازی پر متولیان، بانیان مجالس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ محرم اور صفر میں نواسہ رسول (ص) اور ثانی زہرا (س) نے درخت اسلام کی ایسی آبیاری کی کہ قیامت تک کوئی بھی یزید وقت اسے نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایام عزا میں کردار حسینی (ع) کی عظمت اور رفعت و بلندی اور کردار یزید کی ذلت و پستی کی گلی کوچوں اور شاہراؤں پر تشہیر کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ایسے میں ہمارے خطباء و واعظین اور ذاکرین سانحہ کربلا کو حقیقی معرفت کے ساتھ اجاگر کرکے دین اسلام اور مکتب حسین (ع) کی بہترین خدمت کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رہنے والے ہر مسلک کے پروگرام کو تحفظ دینا اور ہمارے عزاداری پروگرامات کو تحفظ دینا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متولی اور بانی حضرات سے کہا کہ حتی الامکان انتظامیہ سے تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔ تمام مسالک کے علماء تاجر برادری سے بہتر رابطہ رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ ہم ذکر حسین (ع) سے فکر حسین (ع) کو بندوق کی نوک سے نہیں بلکہ پیار محبت سے امت محمدی تک پہنچانا چاہتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 415554

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/415554/فکر-حسین-ع-کو-ذکر-سے-امت-تک-پہنچانا-ہماری-ذمہ-داری-ہے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org