QR CodeQR Code

دھرنے ختم نہیں ہوئے حکمت عملی تبدیل کی ہے، بشارت جسپال

23 Oct 2014 20:46

اسلام ٹائمز: پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر کا کہنا ہے کہ اب حکمت عملی کی تبدیلی کے بعد ایسی چینج آئے گی کہ حکمرانوں نے تصور بھی نہیں کیا ہو گا اور دھرنے کے خاتمہ پر بغلیں بجانے والے دیکھتے رہ جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چوہدری بشارت جسپال نے کہا ہے کہ دھرنوں کو پورے ملک میں پھیلانے اور جلسوں کا انعقاد ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے اعلان کردہ عوامی انقلاب کی تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہے۔ ایک بیان میں بشارت جسپال نے کہا کہ 14 اگست کے انقلاب مارچ اور اسلام آبادمیں تاریخ کے طویل ترین دھرنے نے عوام میں جو شعور بیدار کیا ہے۔ اس کی مثال پہلے کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے پورے ملک میں پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا 78 دنوں کے دھرنوں میں پاکستان عوامی تحریک نے جو اہداف حاصل کئے وہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون بار بار اقتدار میں آنے کے باوجود حاصل نہیں کر سکیں۔ بشارت جسپال نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آئندہ آنے والے تمام انتخابات میں حصہ لے کرثابت کرے گی کہ طاہرالقادری ہی ملک کے واحد مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کسی جماعت یا خاندان کی میراث نہیں یہ حق عوام کا آئین پاکستان نے دیا ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے ختم نہیں ہوئے حکمت عملی تبدیل کی ہے۔ ایسی تبدیلی آئے گی کہ حکمرانوں نے تصور بھی نہیں کیا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 416150

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/416150/دھرنے-ختم-نہیں-ہوئے-حکمت-عملی-تبدیل-کی-ہے-بشارت-جسپال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org