QR CodeQR Code

نواز شریف پی پی اور متحدہ کے درمیان ثالثی کے لئے تیار

28 Oct 2014 15:26

اسلام ٹائمز: پی پی پی رہنما سید خورشید شاہ کی جانب سے لفظ 'مہاجر' کو گالی کہہ دینے پر ایم کیو ایم سراپا احتجاج ہے۔ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں قائم مخلوط حکومتوں سے علیحدگی کا بھی اعلان کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لیے ثالثی کی پیش کش کردی ہے۔ ایک اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس کے دوران سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیوایم کے وفد میں فاروق ستار، نسرین جلیل، رشید گوڈیل اور خالد مقبول صدیقی شامل تھے، جب کہ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق اور وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکریٹری ڈاکٹر آصف کرمانی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ کے رہنما فاروق ستار نے وزیراعظم کی پیشکش پر باہمی مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔

پی پی پی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی جانب سے لفظ 'مہاجر' کو گالی کہہ دینے پر ایم کیو ایم سراپا احتجاج ہے۔ ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں قائم مخلوط حکومتوں سے علیحدگی کا بھی اعلان کیا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے یوم سیاہ میں منایا گیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور ہمیں ملک و قوم کی ترقی و بہتری کے مقاصد کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے'۔ وزیراعظم نے کہا کہ 'ہمارا آئین تمام جمہوری طاقتوں کو مسائل پر بحث کرنے کے لیے گنجائش مہیا کرتا ہے'۔ انھوں نے کہا کہ 'گزشتہ کچھ ماہ میں پاکستان میں پارلیمنٹ، جمہوریت اور قانون کی عملداری کا مثالی مظاہرہ کیا گیا اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں نے یک جہتی کا ثبوت دیا'۔ ' اب سندھ کی سیاسی جماعتیں صوبے کی ترقی کی خاطر اکھٹی ہو جائیں'۔


خبر کا کوڈ: 416907

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/416907/نواز-شریف-پی-اور-متحدہ-کے-درمیان-ثالثی-لئے-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org