QR CodeQR Code

کربلا انسانی کمالات اور اطاعت الٰہی کی معراج کا نام ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی

29 Oct 2014 21:08

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں مجالس عزاء کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ افسوس ناک ہے۔ رات کے اوقات میں مجالس اور جلوس عزاء کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا انسانی کمالات اور اطاعت الٰہی کی معراج کا نام ہے۔ شہدائے کربلا نے باطل یزیدی سلطنت کے خلاف قیام کرکے اسے عبرتناک شکست دی۔ اہل حق آج بھی کربلا والوں کے پیغام پر حاضر ہوکر عصر حاضر کے یزیدیوں سے نبرد آزما ہیں۔ کربلا ایک حادثہ نہیں بلکہ نظام حیات ہے۔ امام حسین (ع) عالی مقام نے سیرت رسول ﷺ کو زندہ کیا اور بدعتوں کے خلاف جہاد کیا۔ آپ نے ملوکیت کے خلاف موثر جدوجہد کرتے ہوئے یزیدی نظام کو سرنگوں کردیا۔ آپ نے تا قیامت عالم انسانیت کو بتا دیا کہ اہل حق افراد کی قلت پر پریشان نہیں ہوتے۔ بلکہ اگر حق و صداقت کے علمبردار بہتر ہوں تو لاکھوں پر بھاری ہیں۔ عشرہ محرم کے دوران، مجالس عزاء کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ افسوس ناک ہے۔ رات کے اوقات میں مجالس اور جلوس عزاء کے دوران بجلی کے لوڈشیڈنگ نہ کی جائے کیونکہ اندھیرے کے باعث سکیورٹی کے مسائل پیش آتے ہیں۔ صوبے بھر میں واپڈا، محکمہ صحت اور بلدیہ کو بھی اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا پابند بناتے ہوئے جلوسوں کے روٹس کی صفائی، اسٹریٹس لائٹس اور ڈاکٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رضاکار اور ذمہ دار ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی عزاداروں کی خدمت کے لئے مصروف عمل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 417133

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/417133/کربلا-انسانی-کمالات-اور-اطاعت-ال-ہی-کی-معراج-کا-نام-ہے-علامہ-مقصود-علی-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org