QR CodeQR Code

مجلس وحدت مسلمین سے اتحاد کی بارہا کوشش کی

تحریک جعفریہ گلگت بلتستان کے حقوق کی ضامن اور یہاں کے حقوق کی جنگ لڑے گی، علامہ عارف واحدی

20 Nov 2014 00:07

اسلام ٹائمز: ایس یو سی کے سیکرٹری جنرل نے اپنے دورہ اسکردو کے موقع پر کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے تحریک جعفریہ پر پابندی ہٹا دی گی ہے جو کہ ایک عظیم کامیابی اور ہماری بے گناہی کا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی نے اپنے دورہ شگر کے موقع پر عمائدین اور علمائے شگر سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف اجتماعات اور نشستوں میں کہا ہے کہ شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان میں تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور جی بی کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔ سپریم کورٹ سے تحریک جعفریہ پر پابندی ہٹا دی گی ہے جو کہ ایک عظیم کامیابی اور ہماری بے گناہی کا ثبوت ہے۔ ہم شروع سے ہی کہ رہے تھے کہ ہمارا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں آنے کا فیصلہ ہم نے نہیں بلکہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی نے کیا تھا، ہم ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی، کسی بھی جماعت سے اتحاد ہوسکتا ہے، سوائے تکفیری ٹولے کے۔ قائد محترم کی مدبرانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے آج پاکستان خانہ جنگی سے بچا ہوا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ کہ مجلس وحدت مسلمین سے اتحاد کی ہم نے بارہا کوشش کی۔ 2013ء کے الیکشن سے پہلے تین دفعہ شیعہ علماء کونسل کے وفد ان کے آفس میں جاکر ان سے ملاقات اور الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی، لیکن انہوں نے ایک دفعہ بھی ہمارے پاس آنا گوارا نہیں کیا۔ ہم پھر بھی ان سے اتحاد کی متمنی ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے حوالے سے کہا کہ یہ خطہ دفاعی اور تجارتی حوالے سے پاکستان کا ایک اہم ہب ہے لیکن پاکستان کے حکمرانوں نے ہمیشہ اسے وہ درجہ نہیں دیا جس کا یہ علاقہ مستحق ہے۔ اس خطے کی عوام نے اپنے زور بازو سے ڈوگروں سے اسکو آزاد کرکے پاکستان کیساتھ الحاق کیا لیکن ان کیساتھ انتہائی بدسلوکی کی گئی۔ تحریک جعفریہ گلگت بلتستان کے حقوق کی ضامن ہے اور یہاں کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔


خبر کا کوڈ: 420449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/420449/تحریک-جعفریہ-گلگت-بلتستان-کے-حقوق-کی-ضامن-اور-یہاں-جنگ-لڑے-گی-علامہ-عارف-واحدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org