0
Thursday 25 May 2017 22:35

علامہ ناظر تقوی کا ’کے الیکٹرک‘ کو حکومتی تحویل میں لینے کا مطالبہ

علامہ ناظر تقوی کا ’کے الیکٹرک‘ کو حکومتی تحویل میں لینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد ہے اور اس دوران کے الیکٹرک کی کارکردگی صفر ہوتی جا رہی ہے، گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ بجلی کا بحران بھی اپنی انتہاء کو پہنچ چُکا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں 18 سے 16 گھنٹوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نماز تراویح اور شہادت حضرت علیؑ کی مجالس کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ بجلی کا بحران ہے کہ اب تک حل نہیں ہو پایا، پوری پوری رات شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی نہیں ہوتی، جس سے عوام کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوام حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان پس رہی ہے، بڑی منصوبہ بندی کے تحت شہر کراچی کو اندھیروں میں دھکیلا جا رہا ہے، دوسری طرف پورے پاکستان مین بجلی کے نرخ میں کمی کے باوجود کراچی میں کے الیکٹرک کی طرف سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اضافی بلوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ و گورنر سندھ بجلی کے بحران کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک مختلف بہانوں سے عوام کے ساتھ مسلسل زیاتیاں کر رہی ہے، سندھ حکومت کو چاہیئے کہ کے الیکٹرک کے ادارے کو اپنی تحویل میں لے اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اور فیصلہ کُن اقدامات اٹھائے جانے کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو کم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو چاہیئے کہ بجلی بحران کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں، تاکہ عوام کو اس مشکل سے نکالا جائے۔ ایس یو سی سندھ کے صدر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نماز تراویح اور شہادت حضرت علیؑ کی مجالس کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 640472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش