0
Sunday 6 Aug 2017 09:12

علامہ شہید عارف الحسینی، حضرت امام خمینی (رہ) کے روحانی فرزند اور انکے سچے عاشقوں میں سے تھے، ڈاکٹر راشد نقوی

علامہ شہید عارف الحسینی، حضرت امام خمینی (رہ) کے روحانی فرزند اور انکے سچے عاشقوں میں سے تھے، ڈاکٹر راشد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں گذشتہ رات علامہ شہید عارف الحسینی (رہ) کی 29 ویں برسی کی مناسبت سے ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں قم، مشہد، اصفہان اور تہران میں مقیم پاکستانی، ہندوستانی، بنگلہ دیشی اور ایرانی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ 5 اگست برسی شہید عارف الحسینی کی مناسبت سے ہونیوالی اس تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر منوچہر متقی، علامہ حسنین گردیزی، علامہ شفقت شیرازی، ڈاکٹر عادل مزاری، حجت الاسلام شیخ دقاق اور ڈاکٹر راشد نقوی نے خطاب کیا۔ مقررین اور پروگرام میں شریک خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شہید عارف الحسینی (رہ) کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امت مسلمہ کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔

ایران کے سابق وزیر خارجہ منوچہر متکی نے اپنے خطاب میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی کو پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کا داعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت کی وجہ سے آج پاکستان میں ہونے والی سازشوں کے باوجود مسلمان متحد ہیں اور وہ امریکہ کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کوئی عام انسان نہیں تھے، ان میں استکبار کے سامنے ڈٹ جانے کی ہمت تھی، انہوں نے اپنے کردار اور عمل سے استکباری قوتوں کو شکست دی۔ مجلس وحدت مسلمین کے امور خارجہ کے سیکرٹری علامہ شفقت شیرازی نے اس موقع پر  کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی پاکستانی عوام خاص طور پر نوجوانوں کے ہردلعزیز رہنما تھے اور لوگ آپ کی آواز پر لبیک کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضیاءالحق جیسے ڈکٹیر کے سامنے آپ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ڈٹ گئے اور استکباری طاقتوں کو دکھا دیا کہ کیسے حق پر ڈٹا جا سکتا ہے۔

ماوا فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور جامعۃ الرضا کے پرنسپل علامہ حسنین گردیزی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند کہ اب شہید علامہ عارف حسین الحسینی ہم میں موجود نہیں ہیں، لیکن آپ کے افکار و نظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور پاکستان کے عوام آپ کے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے قریبی ساتھی راشد عباس نقوی نے اس موقع پر کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی حضرت امام خمینی (رہ) کے روحانی فرزند تھے اور آپ امام خمینی کے سچے عاشقوں میں سے تھے۔ آپ نے ایران کے اسلامی انقلاب اور حقیقی اسلام کو پاکستان میں روشناس کرانے کیلئے دن رات کوشش کی اور آخری دم تک اسی کام میں مشغول رہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی کی جاں گداز شہادت پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) نے فرمایا تھا کہ میں اپنے فرزند سے محروم ہوگيا ہوں۔ واضح رہے کہ عالمی استکبار سے وابستہ عناصر نے پشاور میں 5 اگست 1988ء کو جمعہ کے روز فجر کی نماز کے وقت پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کے ہر دلعزیز قائد علامہ عارف حسین الحسینی کو شہید کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 659075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش