0
Thursday 7 Sep 2017 23:55

شیعہ علماء کونسل سندھ کا جمعہ کو روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں کا اعلان

شیعہ علماء کونسل سندھ کا جمعہ کو روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے اعلان کیا ہے کہ برما کے مسلمان بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اْن پر ہونے والے مظالم کے خلاف ایس یو سی سندھ کے زیر اہتمام کراچی سمیت صوبے بھر میں 8 ستمبر کو بعد نمازِ جمعہ پُرامن احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی میں بعد نماز جمعہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر منعقد کیا جائے گا۔ برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ہزاروں بے گناہ مسلمان مرد، عورتوں اور معصوم بچوں کے قتلِ عام کے باوجود عالمی انسانی حقوق کے تحفظ کے دعویداروں کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام میں تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، ہزاروں مسلمانوں کے قتلِ عام کے باوجود اقوامِ متحدہ اور او آئی سی کا کوئی واضح کردار نظر نہیں آتا، لگتا یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ اور او آئی سی کا ادارہ امریکا اور اسرائیل کے تحئظ کیلئے بنایا گیا ہے کہ جنہیں فلسطین، کشمیر، برما، یمن اور اس ہی طرح کے دوسرے ممالک میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم دکھائی نہیں دیتے۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ مسلم حکمران کو چاہیے کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے سفارتی دباؤ بڑھاتے ہوئے برما میں مسلمانوں کے مسائل کو حل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو چاہیے کہ برما میں مسلمانوں کیلئے امداد کا اعلان کریں، اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے برما کے مظلوم مسلمانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ ایس یو سی سندھ کے صدر نے کہا کہ سعودی عرب میں بنے والے 39 ممالک کا فوجی اتحاد مسلمانوں کے تحفظ کیلئے بنایا گیا تھا، لیکن انھیں برما میں معصوم بچوں کا بہتا ہوا خون نظر نہیں آتا، لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 39 ممالک کا فوجی اتحاد برما میں مسلمانوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 667282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش