0
Monday 25 Dec 2017 23:38

جموں مسلم فرنٹ کے زیر اہتمام ’’اسلام، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد

جموں مسلم فرنٹ کے زیر اہتمام ’’اسلام، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد
اسلام ٹائمز۔ جموں مسلم فرنٹ نے ’’اسلام، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس دوران سیمینار میں نامور اسکالروں، شاعروں، سماجی کارکنان، اکیڈمیشن اور مذہبی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قاری طارق قاسمی نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا۔ اس موقعہ پر مرکزی جامع مسجد تالاب کھٹیکاں کے امام و خطیب مفتی عنایت اللہ، علی بادشاہ نقوی، امام و خطیب مرکزی انجمن امامیہ پیر مٹھا جموں، مفتی طاہر بٹھنڈی، مولانا اکرم دیوبندی، اہل حدیث کے رہنما مولانا عبدالرحمن  نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اسلام امن و امان اور سلامتی کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفٰی پوری عالم انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ جو درس حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی تعلیمات سے ملتا ہے وہ پوری دنیا کے انسانوں کے لئے نمونہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد اکرم (ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اپنے کردار و عمل سے دنیا والوں کو گرویدہ بنانا چاہیئے۔

مقررین نے کہا کہ اسلام نے بین مذہب بھائی چارے اور ایکتا کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام و امان اور سلامتی کا دین ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر اس کو غلط طریقے سے بیان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مذاہب کے لوگوں کو اللہ کی کتاب قرآن کریم کا مطالعہ کرنا چاہیئے۔ اس دوران انہوں نے سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی سیرت مبارکہ پر عمل کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا مدار قرار دیتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی تعمیلات پر عمل کرکے دنیا میں امن و امان بحال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ (ص) نے جھوٹ، چغلی، فریب، ریاکاری، زنا جیسی برائیوں سے دور رہنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت پاک (ص) کا فرمان ہے کہ جو اپنے لئے پسند کرو وہی اپنے بھائی کے لئے بھی پسند کرو، مشکل کے وقت صبر کرو۔ انہوں نے کہا کہ جو درس حضرت محمد مصطفٰی (ص) نے دیا ہے وہ لامثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پیغام اللہ نے قرآن میں بنی نوع انسان کی فلاح کے لئے دیا ہے وہ کسی مذہب میں نہیں ملتا ہے۔ انہوں نے دنیا کو امتحان کی جگہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آخرت ہی اصل مقام اور حقیقت ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ اگر وہ آخرت سنوارنا چاہتے ہیں تو حضرت محمد اکرم (ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں سے نبردآزما ہونے کے لئے اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد (ص) کے راستے کی پیروی اور اپنی صفوں میں اتحاد ناگزیر ہے۔ سیمینار کے اختتام پر فرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفر نے شرکت کنندگان کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 692461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش