0
Friday 19 Jan 2018 15:10

نقیب اللہ محسود کی ہلاکت، چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا

نقیب اللہ محسود کی ہلاکت، چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے 7 روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نقیب محسود کی گھر سے حراست اور پولیس مقابلے میں ہلاکت کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے نوٹس کے بعد ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی، ڈی آئی جی شرقی سلطان خواجہ اور ڈی آئی جی جنوبی آزاد خان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے کام شروع کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور معطل ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امان اللہ مروت کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ ایس ایس پی راؤ انوار نے تحقیقاتی کمیٹی کو نقیب کا کرمنل ریکارڈ پیش کر دیا۔

کمیٹی نے راؤ انوار کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، اس کے علاوہ نقیب اللہ کی کراچی میں سکونت اختیار کرنے کے بعد معلومات بھی اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ ڈی آئی جی کراچی شرقی سلطان خواجہ کا کہنا ہے کہ نقیب محسود کے حوالے سے مکمل تفتیش کی جائے گی، ایس ایس پی راؤ انوار کو انکوائری کیلئے طلب کیا گیا تھا، نقیب کے اہل خانہ کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی تحقیقات ہے، اس لئے کوئی بھی بیان ریکارڈ کرا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی ملیر نے گذشتہ ہفتے ایک مبینہ مقابلے میں چند دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس میں سے ایک کی شناخت نسیم اللہ عرف نقیب اللہ محسود کے نام سے کی گئی تھی، نقیب کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے گھر سے حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 698167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش