0
Sunday 4 Feb 2018 23:59

او آئی سی ہوش کے ناخن لے اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے مسلم جذبات کی نمائندگی کرے، ثروت اعجاز قادری

او آئی سی ہوش کے ناخن لے اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے مسلم جذبات کی نمائندگی کرے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارتی فوج کی دہشتگردی و مظالم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دبا نہیں سکتی، پاکستان سنی تحریک کے تحت کل ملک بھر میں کشمیر بنے گا پاکستان، یکجہتی کشمیر ریلیاں، سمینار، کانفرنس منعقد کی جائیں گی، جبکہ مرکزی پروگرام مرکز اہلسنت پر یکجہتی کشمیر کنونش ہوگا، ملک دشمن سامراجی قوتیں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتی ہیں، کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے مسلم دنیا کو آواز بلند کرنا ہوگی، او آئی سی ہوش کے ناخن لے اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے مسلمانوں کے جذبات کی نمائندگی کرے، اقوام متحدہ کشمیری مسلمانوں کو بھارتی جارحیت اور غاصبانہ تسلط سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کرے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، جس کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے۔ اپنے بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مسلم آبادی کو کچلنے اور کشمیر کی تحریک کو طاقت سے دبانے کا بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بھارت سمیت پوری دنیا سن لے، مسلمان حق خودارادیت اور کشمیر کی آزادی کیلئے مر تو سکتے ہیں، مگر آزادی کی تحریک کو کمزور ہونے نہیں دینگے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ امریکا کی لونڈی کے بجائے حقائق کی روشنی میں کام کرے، او آئی سی ہوش کے ناخن لے اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے مسلمانوں کے جذبات کی نمائندگی کرے، نصف صدی سے فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں مسلمان ذبح کئے جا چکے ہیں اور ان کی آواز پر کان تک نہیں دھرا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تعصب اور دوہرے معیار کو چھوڑ کر کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد انسانوں کا مسئلہ حل کرائے، وگرنہ فلسطین اور کشمیر کے حل طلب مسائل پوری دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کا ذریعہ بنے رہیں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ معمول بن چکا ہے، اگر اسے نہیں روکا گیا تو خطے میں امن کی خراب صورتحال کے ذمہ دار اقوام متحدہ، بھارت، امریکا اور افغانستان ہونگے، پتھر کا جواب اینٹ سے دینا اچھی طرح آتا ہے، مجبور نہ کیا جائے کہ بھارتی فوج کی دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 702283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش