0
Monday 22 Jun 2009 11:40

باجوڑ اور وزیرستان میں بمباری 61 جنگجو ہلاک، اہم علاقوں پر فورسز کا کنٹرول،فضل اللہ فرار

باجوڑ اور وزیرستان میں بمباری 61 جنگجو ہلاک، اہم علاقوں پر فورسز کا کنٹرول،فضل اللہ فرار
پشاور: سیکورٹی فورسز کے شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن راہ راست اور راہ نجات میں باجوڑ اور وزیرستان میں تازہ کارروائی میں 61 شدت پسند ہلاک اور 16کو گرفتار کر لیا گیا ، فورسز نے جنوبی وزیرستان کے اہم مرکز سرائے مولا خان کا کنٹرول حاصل کر لیا ،جبکہ دیر بالا میں لشکر نے کارروائی کرتے ہوئے 8جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا، فضل اللہ کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ جنوبی وزیرستان میں لڑاکا طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پاک فضائیہ کی بمباری سے 15 جنگجو ہلاک ہو گئے، پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے سب ڈویژن لدھا کی تحصیل مکین کے پرائے سرائے پر بمباری کی جبکہ جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے اہم مرکز مولا خان سرائے کا کنٹرول حاصل کر لیا، جہاں لوگوں کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جاتا اور سزائیں دی جاتی تھیں۔ سکیورٹی فورسز سروکئی اور مولا خان سرائے سے ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر رہی ہیں جبکہ وانا جنڈولہ روڈ کلیئر کرنے کے لئے پیش قدمی جاری ہے۔ علاقے سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ آئی ایس پی آر سے آپریشن راہ راست کے بارے میں جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ خوازہ خیلہ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ 6 کو گرفتار کر لیا گیا، فورسز نے پندرہ چھوٹی مشین گنیں، ایک سنیپر رائفل، ایک رائفل 8 ایم ایم، کمیونیکیشن سیٹ اور گرنیڈ بھی برآمد کئے۔ سیکورٹی فورسز نے اخون کلے، برکوسر، نلکوٹ اور ونائی کے علاقے محفوظ بنا دیئے ہیں جبکہ تیرنگ، تھانہ، آلاڈھنڈ اور بٹ خیلہ میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اُدھر پاک فوج کے کمانڈر میجر جنرل سجاد غنی نے کہا ہے کہ مولوی فضل اللہ اور دیگر شدت پسند کمانڈر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ،وہ وزیرستان یا افغانستان میں کہیں بھی ہوسکتے ہیں ، جبکہ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان کی غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے پیسہ، جرائم اور منشیات کی فروخت سے جمع کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ : 7055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش