0
Wednesday 21 Mar 2018 19:58

ملک میں جوڈیشل مارشل لا نافذ کیا جائے، شیخ رشید کا مطالبہ

ملک میں جوڈیشل مارشل لا نافذ کیا جائے، شیخ رشید کا مطالبہ
اسلام ٹائم۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملک میں جوڈیشل مارشل لاء لگانے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف جسٹس کی اصل ذمہ داری نگران وزیراعظم کی تقرری ہے، ساری قوم عدلیہ کی جانب دیکھ رہی ہے، بے شک چیف جسٹس اس ملک میں 90 روز کے لئے جوڈیشل مارشل لاء لگا دیں اور یہ مارشل لاء صرف الیکشن کے لیے ہونا چاہیے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے صرف خورشید شاہ نہیں، عمران خان سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت ہونی چاہیے جبکہ عمران خان کی آشیرباد جسے حاصل نہیں ہوگی وہ بطور نگران وزیر اعظم قبول نہیں ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک اس وقت قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا ہے، صبح اٹھو تو ڈالر کی قیمت بڑھی ہوتی ہے شام کو پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔

شیخ رشید احمد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حالیہ دورہ امریکا کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا وزیر اعظم سے قوم پوچھتی ہے امریکی شخصیات سے بغیر کسی سیکرٹری خارجہ کے کیسے ملے، ساری قوم پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ وزیر اعظم ملٹری سیکرٹری سمیت کسی بھی اسٹاف کے بغیر کیا کرنے گئے تھے۔ انہوں نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے منی لانڈرنگ کی ہے اور نہ مجھ پر پاناما کا کیس ہے، 1974ء سے ٹیکس دہندہ ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی قسمت کا فیصلہ اس کے کیس سے مربوط ہے، جبکہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف سے کھیل کر رہے ہیں، نہیں معلوم رن آوٹ ہوتے ہیں یا پھر کیچ آوٹ ہوجاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 713053
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش